نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی ہفتہ کو جموں و کشمیر کے پونچھ علاقے کا دورہ کریں گے اور وہاں فوجی آپریشن کے دوران پاکستانی گولہ باری کے متاثرین سے ملاقات کریں گے
جمعہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ مسٹر گاندھی 24 مئی بروز ہفتہ کو جموں و کشمیر کے پونچھ علاقے کے دورے پر ہوں گے اور اس دوران وہ پونچھ علاقے میں پاکستانی گولہ باری کے متاثرین سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا ’’لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کل 24 مئی کو پونچھ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاکستان کی حالیہ گولہ باری سے متاثر ہوئے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل، وہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والوں اور کئی دیگر متعلقین سے ملنے کے لیے 25 اپریل کو سری نگر گئے تھے۔ انہوں نے اس وقت جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلی عبداللہ سے بھی ملاقات کی تھی۔