نئی دہلی (آئی اے این ایس) آپریشن سندور سے قبل پاکستان کو الرٹ کئے جانے پر کانگریس اور بی جے پی کی بڑھتی بحث و تکرار کے بیچ بی جے پی نے منگل کے دن قائد اپوزیشن راہول گاندھی پر طنز کیا۔
بی جے پی آئی ٹی سل کے سربراہ امیت مالویہ نے ایکس پر کانگریس رکن پارلیمنٹ اور پاکستانی فوجی سربراہ عاصم منیر کی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا ”راہول گاندھی کے لئے آگے کیا؟ نشان ِ پاکستان؟“۔ راہول گاندھی اور دیگر کانگریس قائدین‘ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے اس بیان پر تنقید کرتے رہے ہیں کہ ہندوستان نے فوجی آپریشن شروع کرنے سے قبل پاکستان کو خبردار کیا تھا۔
کانگریس کا دعویٰ ہے کہ یہ اسٹراٹیجک چوک نہیں ہے بلکہ ناقابل معافی جرم ہے۔ وزارت ِ خارجہ نے تاہم اس الزام کی پرزور تردید کی۔ امیت مالویہ نے کہا کہ اس میں کوئی تعجب نہیں کہ راہول گاندھی پاکستان کی بھاشا بول رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو نقص سے پاک آپریشن سندور کی مبارکباد نہیں دی۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے ایک بار بھی نہیں پوچھا کہ جنگ کے دوران کتنے پاکستانی طیارے مارگرائے گئے یا پاکستانی فضائی اڈوں پر ہندوستانی فوج کے حملہ کے وقت ہینگرس میں پارک کتنے پاکستانی طیارے تباہ ہوئے۔ ایک فریم میں راہول گاندھی اور عاصم منیر کی متنازعہ تصویر پر سیاسی طوفان بپا ہونے والا ہے۔ کانگریس نے اس تصویر پر سخت اعتراض کیا ہے۔ ایک اور پوسٹ میں امیت مالویہ نے لکھا کہ راہول گاندھی دورِجدید کے میر جعفر ہیں۔ انہوں نے ایک کارٹون بھی شیئر کیا۔