ہردوئی(یوپی) (پی ٹی آئی) اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں 2 ٹرینوں بشمول ایک راجدھانی ایکسپریس کو پٹری سے اتارنے کی کوشش لوکو پائلٹس (انجن ڈرائیورس) کی چوکسی کے باعث ناکام ہوگئی۔
پولیس نے منگل کے دن یہ دعویٰ کیا۔ پیر کی شام نامعلوم شرپسندوں نے دلیل نگر اور عمر ٹالی اسٹیشنوں کے درمیان پٹری پر لکڑی کے بلاکس کو ارتھنگ وائر سے باندھ دیا تھا۔ دہلی سے دبرو گڑھ (آسام) جانے والی راجدھانی ایکسپریس (20504) کے لوکو پائلٹ نے رکاوٹ پر نظر پڑتے ہی ایمرجنسی بریک لگادیا۔
اس نے پٹری سے لکڑی کے بلاکس ہٹائے اور ریلوے عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی۔ راجدھانی ایکسپریس کے بعد دوسری کوشش کاٹھ گودام ایکسپریس (15044) کو پٹری سے اتارنے کی کی گئی۔
یہ کوشش بھی لوکو پائلٹ کی چوکسی سے ٹل گئی۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی)‘ ریلوے پروٹیکشن فورس(آر پی ایف) اور مقامی پولیس کی ٹیمیں تحقیقات کررہی ہیں۔