میکسیکو کا بحری جہاز بروکلین پل سے ٹکرا گیا (ویڈیوز)

میکسیکو: نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کے مطابق میکسیکو کی بحریہ کا تربیتی جہاز "کوہٹیموک” اتوار کی شب بروکلین برج سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور کم از کم 19 زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جہاز ہفتے کی شام بروکلین برج کے نیچے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ آن لائن وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کا توازن بگڑا اور وہ مشرقی دریا میں گر کر تباہ ہو گیا۔
میکسیکو کی بحریہ کے مطابق، واقعہ میں عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوئے جبکہ 22 دیگر زخمی ہوئے، جن میں نصف کی حالت نازک ہے۔ نیو یارک کے میئر نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ حادثہ کے وقت جہاز پر 277 افراد سوار تھے، جن میں سے 19 زخمی ہوئے اور 2 افراد جانبر نہ ہو سکے۔
نیو یارک پولیس کے اسپیشل آپریشنز کے سربراہ ولسن ارمبولس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات 8:20 بجے جہاز کی بجلی منقطع ہو گئی تھی، جب کہ کپتان جہاز کو روکنے کی کوشش کر رہا تھا، جس کے باعث جہاز قابو سے باہر ہو کر پل سے ٹکرا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت پل پر اور قریبی علاقوں میں موجود لوگ خوفزدہ ہو گئے۔ 23 سالہ نک کورسو، جو ایک ویڈیو بنانے کی تیاری میں تھے، نے بتایا کہ "جہاز پر موجود افراد چیخ رہے تھے، کچھ افراد جہاز کی رسیوں سے لٹکے ہوئے تھے، اور لوگ گھبراہٹ میں پیچھے ہٹ رہے تھے۔”
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ عملے کے ارکان کی ہلاکت پر دلی طور پر غمزدہ ہیں۔
نیو یارک کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ بروکلین برج کو کوئی ساختی نقصان نہیں پہنچا اور تقریباً 40 منٹ بعد پل کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ جہاز کو بعد ازاں مین ہیٹن پل کے قریب منتقل کر دیا گیا۔
میکسیکو کے سفیر ایسٹیبن موکٹیزوما نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی گئی تھیں۔ بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "کوہٹیموک” کو حادثے میں نقصان پہنچا ہے، اور وزارت دفاع نے اپنے اہلکاروں کی سلامتی کو اولین ترجیح دینے کا اعادہ کیا ہے۔
یہ واقعہ امریکہ میں پل سے ٹکرانے کا دوسرا بڑا حادثہ ہے، اس سے قبل مارچ 2024 میں بالٹی مور میں ایک مال بردار جہاز کے پل سے ٹکرانے سے 6 مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔