ممبئی (آئی اے این ایس) ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایرپورٹ اور مشہور تاج محل ہوٹل میں (جہاں 26/11 کا دہشت گرد حملہ ہوا تھا) ہفتہ کے دن بم رکھے جانے کی دھمکی موصول ہوئی جس کے ساتھ ہی شہر میں سیکوریٹی بڑھادی گئی۔
ممبئی ایرپورٹ پولیس کو ای میل کے ذریعہ دی گئی دھمکی میں افضل گرو کی پھانسی کا ذکر کیا گیا اور خبردار کیا گیا کہ دونوں ہائی پروفائل مقامات پر بم ضرور پھٹیں گے۔
عہدیداروں کے بموجب ای میل میں دعویٰ کیا گیا کہ افضل گرو کو پھانسی دے کر جو ناانصافی کی گئی اس کا بدلہ لینے یہ بمباری ہوگی۔ پولیس نے مکمل تحقیقات شروع کردیں اور دونوں مقامات پر سیکوریٹی بڑھادی گئی۔
ممبئی ایرپورٹ میں بم رکھے جانے کی دھمکی پہلی مرتبہ نہیں دی گئی تاہم افضل گرو اور تاج محل ہوٹل کے ذکر نے تشویش بڑھادی۔ ای میل کے متن نے 2008 کے دہشت گرد حملہ کی تلخ یادیں تازہ کردیں۔