لکھنؤ: اتر پردیش کے ضلع بریلی سے ایک انتہائی ہولناک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ ایک شرابی شوہر نے نہ صرف اپنی بیوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ بعد ازاں اسے مکان کی چھت سے الٹا لٹکا کر قتل کرنے کی کوشش بھی کی۔
یہ دردناک واقعہ 13 مئی کی رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ واقعہ کی ویڈیو ایک پڑوسی نے اپنے موبائل کیمرے سے ریکارڈ کی، جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نیتن سنگھ اپنی بیوی کو نہایت بے دردی سے مار رہا ہے اور پھر اسے چھت سے الٹا لٹکا دیتا ہے، جبکہ بیچاری عورت چیخ چیخ کر مدد مانگ رہی ہے۔
خوش قسمتی سے محلہ کے چند لوگوں نے بروقت مداخلت کی اور عورت کو نیچے گرنے سے بچا لیا، جس سے اس کی جان بچ گئی۔ تاہم، خاتون کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور فی الحال وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔
بیوی کے میکہ والوں کے مطابق اس کی شادی 2012 میں نیتن سنگھ سے ہوئی تھی، جو بدایوں کا رہائشی ہے۔ شادی کے بعد سے ہی نیتن شراب نوشی کا عادی تھا اور اکثر اوقات بیوی پر تشدد کرتا تھا۔ خاندان نے متعدد بار اسے سمجھانے کی کوشش کی، لیکن وہ باز نہ آیا۔
اب پولیس نے اس واقعہ میں نیتن سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے ساتھی امیت کمار اور دو دیگر خواتین پر بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق نیتن اس وقت فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
عوام اور سوشل میڈیا صارفین مطالبہ کر رہے ہیں کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور متاثرہ عورت کو انصاف دلایا جائے۔