لکھنؤ: اترپردیش کے ضلع مظفر نگر سے ایک افسوسناک اور حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ یہ واقعہ ایس ڈی ڈگری کالج کے کیمپس میں پیش آیا، جہاں بی اے کی ایک طالبہ کو اس کی ہم جماعت لڑکی نے اپنے بوائے فرینڈ سے شدید مار پٹ کروائی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 15 مئی کو بی اے کی دو طالبات ندھی اور نکتا کے درمیان کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا تھا۔ تنازعہ اس قدر بڑھ گیا کہ نکتا نے اپنے بوائے فرینڈ امرجیت کو کالج کیمپس کے اندر بلا لیا۔
متاثرہ لڑکی ندھی نے بتایا کہ پہلے امرجیت نے اسے باہر آنے کو کہا، لیکن جب وہ نہیں آئی تو وہ خود زبردستی کیمپس کے اندر گھس آیا۔ اس کے بعد اس نے ندھی کو آڈیٹوریم کے پیچھے لے جا کر بہیمانہ طریقہ سے مارا پیٹا۔ اس دوران نکتا بھی موقع پر موجود تھی اور اس نے امرجیت کا ساتھ دیا۔
اس تشدد کے واقعہ کی ویڈیو کسی طالبعلم نے ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دی، جس کے بعد ویڈیو وائرل ہوگئی۔ کالج کے پرنسپل، سدھیر کمار کے مطابق یہ واقعہ امتحانات کے اختتام کے فوراً بعد کا ہے، جب ندھی کالج سے نکل رہی تھی۔
کالج انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امرجیت کو کالج سے باہر نکال دیا۔ نکتا کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، اور اس کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کر دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کالج انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی۔
فی الحال کالج انتظامیہ اور پولیس مل کر اس واقعہ کی گہرائی سے تفتیش کر رہے ہیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد کالج کی سیکیورٹی اور نظم و ضبط پر کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔