ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کے عزم کے ساتھ حکومت کاکام: چیف منسٹر ریونت ریڈی

ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کے عزم کے ساتھ حکومت کاکام: چیف منسٹر ریونت ریڈی

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے وی ہب ویمن ایکسیلیریشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی طاقت ہی ملک کی بنیاد ہے اور کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے تاریخی تناظر میں کہا کہ جب ہند۔چین جنگ ہوئی، جب 1971 میں پاکستان سے جنگ ہوئی، اس وقت اندرا گاندھی جی نے دنیا کو خواتین کی طاقت کا احساس دلایا۔ ملک کو فتح دلانے والی طاقت خواتین کی تھی۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی خواتین کی صلاحیت کو کمتر نہیں سمجھا بلکہ ہمیشہ اسے نکھارنے کے لیے کام کیا۔ انہوں نے کہا”خواتین ملک کے لئے مثالی ہیں، اور اس حقیقت کو ثابت کرنے کا سہرا کانگریس کو جاتا ہے۔“وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ایک کروڑ خواتین کو کروڑپتی بنانے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے، اور اس کے لئے مختلف سطحوں پر خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

 وزیراعلیٰ نے ان کی حکومت کی خواتین دوست پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا”مہا لکشمی“اسکیم کے تحت آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت دی گئی، جو سونیا گاندھی کا تحفہ ہے۔امّاں آدرش پاٹھ شالہ کے ذریعے سرکاری اسکولوں کی نگہداشت لڑکیوں کے سپرد کی گئی۔

طلبہ کے یونیفارم کی سلائی خواتین کی تنظیموں کو سونپی گئی، جس سے انہیں روزگار ملا۔پٹرول پمپ اور سولار انرجی جیسے کام میں بھی خواتین کو آگے لایا جا رہا ہے۔شلپارامم میں خواتین کی مصنوعات کی نمائش کے لئے خصوصی اسٹالس مختص کئے گئے ہیں۔

ریونت ریڈی نے زور دیا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس ریاست کی معیشت کا ستون بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا”میں چاہتا ہوں کہ سیلف ہیلپ گروپس کی رکنیت ایک کروڑ تک پہنچے۔“ان گروپس 1000 میگا واٹ کے سولار منصوبے پہلے ہی دیئے جا چکے ہیں۔ اگر بہتر طریقے سے چلائے جائیں تو مزید ایک ہزارمیگا واٹ کے پراجکٹس دینے حکومت تیار ہے۔

ان گروپوں کی مصنوعات ریاست میں آنے والے مہمانوں کو تحفہ میں دی جا رہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے بینک قرضوں کے سلسلہ میں کہا”جب 16 لاکھ کروڑ روپے کارپوریٹ کمپنیوں کو قرض دیئے گئے، وہ ملک چھوڑ گئے لیکن جب بیٹیوں کو قرض دیا گیا، تو انہوں نے نہ صرف قرض واپس کیا بلکہ سود سمیت لوٹایا۔مالیاتی نظم و ضبط ہماری بیٹیوں کی پہچان ہے۔“

 ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہری علاقوں میں رہنے والی خواتین کو سیلف ہیلپ گروپس سے جوڑنے خصوصی مہم چلائی جائے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ”آپ کے بھائی کے طور پر، میں آپ کو ہر ممکن تعاون دوں گا۔“ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی پالیسی ہے کہ ہماری بیٹیوں کو آگے بڑھایا جائے کیونکہ جب بیٹیاں خوددار ہوں گی، تب ہی ریاست کی معیشت ترقی کرے گی۔





[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے