تلنگانہ آرٹی سی کی انوکھی پہل۔ بسوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے مسافرین کو پھول پیش کئے گئے

تلنگانہ آرٹی سی کی انوکھی پہل۔ بسوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے مسافرین کو پھول پیش کئے گئے

حیدرآباد: تلنگانہ آر ٹی سی نے عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک منفرد اور انوکھی تشہیری مہم کا آغاز کیا ہے۔

اس مہم کے تحت مسافروں کو گلاب کے پھول پیش کئے جا رہے ہیں اور ان سے گزارش کی جا رہی ہے کہ وہ سفر کے لئے آر ٹی سی بسوں کو ترجیح دیں۔کنڈکٹرس نے بس میں سوار ہونے والے مسافروں کو گلاب پیش کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ ذاتی گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھتا ہے

بلکہ حادثات کے امکانات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس آر ٹی سی بسیں محفوظ، آرام دہ، سستی اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔اس موقع پر کنڈکٹرس نے یہ بھی نشاندہی کی کہ عوامی ٹرانسپورٹ کے فروغ سے نہ صرف ایندھن کی بچت ہوتی ہے بلکہ فضائی آلودگی میں بھی کمی آتی ہے، جو ماحولیاتی تحفظ کے لئے نہایت اہم ہے۔

ونستھلی پورم میں یہ مہم نہ صرف مسافروں کو متاثر کر رہی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اس اقدام کی ستائش کی جارہی ہے۔

کئی مسافروں نے پھولوں کے ذریعہ دی گئی اس دعوت کو خوش آئند قرار دیا اور آر ٹی سی کی کوششوں کی ستائش کی۔کچھ مسافروں نے حیرت کے ساتھ کہا کہ یہ اقدام صرف ایک رسمی اپیل نہیں بلکہ ایک جذباتی تعلق پیدا کرنے کی کوشش ہے جو عوام اور ٹرانسپورٹ سسٹم کے درمیان اعتماد کو مضبوط کرتا ہے۔

آر ٹی سی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم سے نہ صرف مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام میں اجتماعی طور پر پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کا شعور بھی بیدار ہوگا۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے