حیدرآباد: آج شام مادھاپور کے مصروف علاقے میں واقع رائے درگم میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے موقع پر موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی افراد کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار اسٹیشن کے قریب سے گزر رہی تھی کہ اچانک اس کے انجن سے دھواں نکلنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے کار میں سوار تمام مسافر بروقت گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ لگتے ہی آس پاس موجود لوگوں نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ جب تک فائر انجن موقع پر پہنچا، ٹریفک پولیس اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور علاقہ خالی کروا کر ٹریفک کو دوسری سمت موڑ دیا۔ فائر بریگیڈ نے کچھ ہی دیر میں آگ کو مکمل طور پر بجھا دیا۔
ابھی تک آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق گاڑی میں تکنیکی خرابی یا شارٹ سرکٹ آگ لگنے کا سبب ہو سکتا ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس واقعہ کے بعد کچھ وقت کے لیے اس علاقے میں ٹریفک سست روی کا شکار رہی، تاہم پولیس کی مستعدی سے جلد ہی صورتحال معمول پر آ گئی۔