ممبئی (منصف نیوز ڈیسک) شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں مسلمانوں کے لیے ایک بڑی کامیابی میں 10سے زائد دینی مدارس کے 178 طلباء نے جاریہ سال ایس ایس سی امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
ان طلباء نے نہ صرف اپنی مذہبی تعلیم بشمول حفظ اور عالمیت کی تکمیل کی ہے بلکہ عصری سیکولر تعلیم بھی حاصل کی ہے۔ انہوں نے عقیدہ اور عصری تعلیم کے توازن کو برقرار رکھنے کا مظاہرہ کیا۔
ان دینی مدارس میں چیتا کیمپ میں واقع جامعہ عربیہ معراج العلوم‘کرلا میں واقع دارالعلوم محبوب سبحانی‘ چونابھٹی میں واقع دارالعلوم امدادیہ‘ نالاسوپارہ میں واقع مدرسہ اشرف العلوم اور دیگر شامل ہیں اور ان سب نے مجموعی کامیابی میں شاندار حصہ ادا کیاہے۔
جامعہ عربیہ معراج العلوم موقوعہ چیتا کیمپ اس معاملہ میں سرفہرست ہے جہاں 75 طلباء نے ایس ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس ادارہ کی قابل احترام شخصیت مولانا محمد زاہد قاسمی نے بتایا کہ کامیابی حاصل کرنے والوں میں 33 طلباء حفاظ ہیں‘ 18 عربی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور 24 نے قرآن مجیدکے 15 تا20 پارے حفظ کرلئے ہیں۔
ان طلباء نے آئیڈیل ہائی اسکول اور آزاد ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ دینی تعلیم اور عصری تعلیم ساتھ ساتھ جاری رہ سکتے ہیں۔کرلا میں دارالعلوم محبوب سبحانی کے 20طلباء نے ایس ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یہ تمام حفظ اور عالمیت کورس کے طالب علم ہیں۔ چونا بھٹی میں واقع دارالعلوم امدادیہ کے ٹرسٹی مولانا محمود خان دریابادی نے بتایا کہ جاریہ سال ہمارے 6 طلباء ایس ایس سی امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ دینی اور عصری تعلیم کے لیے ان کا اپنے آپ کو وقف کردیناقابل ستائش ہے۔ان طلباء نے ناگپاڑہ میں واقع ورکرس ایجوکیشنل سرویس لیگ کی جانب سے چلائے جانے والے نائٹ اسکولس سے بھی استفادہ کیاہے۔