دہلی: میکسیکو کے شہر گواڈالاجارا (ریاست جالسکو) میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 23 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ویلیریا مارکیز کو براہِ راست لائیو اسٹریم کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ویلیریا اپنے بیوٹی سیلون "Blossom the Beauty Lounge” سے TikTok پر لائیو آ رہی تھیں۔ ویڈیو کلپ جو بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر وائرل ہوئی، اس میں ویلیریا کو ایک میز پر بیٹھے ہوئے، ہاتھ میں اسٹفڈ کھلونا پکڑے، اپنے فالوورز سے خوشگوار انداز میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
لائیو اسٹریم کے دوران اچانک ویلیریا نے کہا "وہ آ رہے ہیں”، جس پر پس منظر میں کسی نے پکارا "ارے، ویلے؟”
ویلیریا نے جواب دیا "ہاں” اور فوراً بعد لائیو اسٹریم پر آواز بند کر دی گئی۔
کچھ ہی لمحے بعد، فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی ہیں اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ویلیریا اپنی پسلیوں کو پکڑتی ہیں اور میز پر گر جاتی ہیں۔ لائیو ویڈیو میں ایک اجنبی شخص کا چہرہ بھی کچھ لمحوں کے لیے نظر آتا ہے جو ان کا فون اٹھاتا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق، قاتل موٹر سائیکل پر آیا تھا اور تحفہ دینے کے بہانے سیلون میں داخل ہوا۔ وہاں موجودگی کے دوران اس نے ویلیریا پر گولی چلا دی۔ رپورٹس کے مطابق ویلیریا کو سینے اور سر پر گولیاں لگی تھیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
ویلیریا مارکیز کے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر تقریباً 2 لاکھ فالوورز تھے اور وہ بیوٹی، میک اپ اور لائف اسٹائل سے متعلق ویڈیوز شیئر کرنے کے لیے جانی جاتی تھیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں اور دیگر صارفین نے اس دل دہلا دینے والے واقعہ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
پولیس اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے اور قاتل کی تلاش جاری ہے، تاہم ابھی تک قتل کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔