یوپی حکومت، مسلم طالبعلم کی تعلیم کا خرچ برداشت کرے:سپریم کورٹ

یوپی حکومت، مسلم طالبعلم کی تعلیم کا خرچ برداشت کرے:سپریم کورٹ

نئی دہلی (منصف نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے روز اتر پردیش حکومت کو ہدایت دی کہ وہ مظفرنگر کے اس مسلمان طالبعلم کی اسکولنگ کے تمام اخراجات برداشت کرے جسے 2023 میں ایک ٹیچر کی ایما پر اس کے ساتھی طلبہ نے تھپڑ مارے تھے۔

جسٹس ابھئے ایس اوکا اور جسٹس اْجّول بھوئیاں پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اگرچہ ریاست اسکول کو بھی اس خرچ کی ادائیگی کے لیے آمادہ کر سکتی ہے، لیکن بنیادی ذمہ داری حکومت پر ہی عائد ہوتی ہے۔

عدالت نے حکم دیا”ریاستی حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ طالبعلم کے ٹیوشن فیس، یونیفارم، کتابوں اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات اس وقت تک ادا کرے جب تک وہ اسکول کی تعلیم مکمل نہ کر لے۔“یہ کیس تْشّار گاندھی (مہاتما گاندھی کے پڑپوتے) کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جس میں مظفرنگر کی اسکول ٹیچر تریپتا تیاگی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

الزام ہے کہ انہوں نے مذہب کی بنیاد پر طالبعلم کو نشانہ بنایا اور دیگر طلبہ کو اسے تھپڑ مارنے کے لیے اکسایا۔یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب بچے کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ بعد ازاں متاثرہ طالبعلم کو دوسرے اسکول میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

تْشّار گاندھی نے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ اور وقت مقررہ میں تحقیقات کے علاوہ مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔اکتوبر 2023 میں یوپی حکومت نے عدالت کو بتایا تھا کہ ٹیچر تریپتا تیاگی کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے (آئی پی سی کی دفعہ 295A) کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وہ بعد میں عدالت میں پیش ہو کر ضمانت حاصل کر چکی ہیں۔

گزشتہ برس عدالت نے حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بچے کی تعلیم کے لیے کوئی اسپانسر تلاش کرے۔ تاہم آج عدالت نے واضح کر دیا کہ بچے کی تعلیم کی ذمہ داری براہ راست ریاستی حکومت پر ہے۔یوپی حکومت کے وکیل نے کہا کہ سید مرتضیٰ میموریل ٹرسٹ نے ایک سال تک اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش کی ہے۔

اس پر عدالت نے کہا”ہم نوٹ کرتے ہیں کہ ٹرسٹ ایک سال کے اخراجات اٹھائے گا، لیکن واضح کرتے ہیں کہ بنیادی ذمہ داری ریاست پر ہے۔ ریاست چاہے تو اسکول کو آمادہ کر سکتی ہے، مگر ذمہ داری اس کی ہی ہے۔“اس مقدمہ کی اگلی سماعت 17 اکتوبر کو مقررکی گئی ہے۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے