حیدرآباد: آصف نگر میں آج شام اُس وقت کشیدگی پیدا ہو گئی جب آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن اسمبلی حلقہ نامپلی، محمد ماجد حسین نے ایک شراب کی دکان کے سامنے دھرنا دیا اور اس کی فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق، تین روز قبل آصف نگر میں واقع ‘سری چندرا وائنز’ نامی شراب کی دکان کے قریب ایک یومیہ مزدور کی مشتبہ حالات میں موت واقع ہو گئی تھی۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے اور مقامی عوام مسلسل دکان کو بند کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
چہارشنبہ کے روز ایم ایل اے ماجد حسین مقامی عوام کے ساتھ دکان کے سامنے پہنچے، ایک کرسی منگوا کر دکان کے سامنے بیٹھ گئے اور غیر معینہ مدت کے لیے دھرنا شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شراب کی دکان کی وجہ سے علاقہ کے لوگ سخت پریشانیوں کا شکار ہیں اور آئے دن مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
پولیس کو موقع پر پہنچ کر ایم ایل اے کو منانے میں سخت دشواری ہوئی، کیونکہ معاملہ سنگین صورت اختیار کرسکتا تھا۔ پولیس نے وقتی طور پر دکان بند کر دی، جس کے بعد ماجد حسین نے دھرنا ختم کیا۔ تاہم، انہوں نے پولیس کو سختی سے ہدایت دی کہ دکان کو دوبارہ کھولنے کی اجازت نہ دی جائے۔