امراوتی (آئی اے این ایس) آندھرا پردیش قانون ساز کونسل میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اس وقت بڑا دھکہ لگا جبکہ کونسل کی ڈپٹی چیرمن ذکیہ خانم نے چہارشنبہ کے روز کونسل اور پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
انہوں نے اپنا مکتوب استعفیٰ، صدر نشین کونسل کے موسن راجو کے پاس روانہ کردیا۔ خانم، جنہیں سال 2020 میں گورنر کے کوٹہ میں کونسل کا رکن نامزد کیا گیا، ضلع انا میا کے رائے چوٹی کی رہنے والی ہیں، انہیں کونسل کی پہلی مسلم خاتون رکن اور پہلی خاتون ڈپٹی چیرمن کونسل بننے کا اعزاز حاصل ہے۔
گزشتہ سال جون میں ریاست میں ٹی ڈی پی کی زیر قیادت این ڈی اے کے برسراقتدار آنے کے بعد خانم، وائی ایس آر سی پی کی 6 ویں ایم ایل سی ہیں جنہوں نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔ قبل ازیں بی کلیان چکرورتی، کے پدما شری،پی سنیتا، ایم راج شیکھر، اور جے وینکٹ رمنا کونسل سے مستعفی ہوچکے ہیں۔
ان تمام ایم ایل سیز نے پارٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ کونسل کے چیرمین موسن راجو نے تاحال کسی کا بھی استعفیٰ منظور نہیں کیا۔ استعفیٰ منظور کرنے کی بار بار التجا کی گئی آخر کار ان قائدین نے استعفیٰ کی منظوری میں تاخیر کے خلاف احتجاج بھی کیا۔
ذکیہ خانم کے استعفیٰ کے بعد57 رکنی کونسل میں وائی ایس آر سی پی کے ارکان کی اکثریت میں مزید کمی ہوئی ہے۔ اس کے باوجود، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ایوان میں قطعی اکثریت حاصل ہے۔ 6ایم ایل سیز کے استعفیٰ کے بعد ایوان میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان کی تعداد 31 رہ گئی۔
کونسل میں ٹی ڈی پی کے 10، اسکی حلیف دوجماعتوں بی جے پی اور جنا سینا کا ایک ایک رکن شامل ہے جبکہ پی ڈی ایف کا ایک رکن بھی کونسل میں نمائندگی کرتا ہے۔