غزہ: حماس نے اتوار کو کہا کہ وہ جنگ بندی کو یقینی بنانے اور امداد کی ترسیل کے لیے سرحدی گزرگاہوں کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر غزہ کی پٹی سے اسرائیلی – امریکی یرغمال ایڈن الیگزینڈر کو رہا کرے گا۔
حماس کے ایک سینئر عہدیدار اور گروپ کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ خلیل الحیا نے ایک بیان میں کہا کہ حماس حالیہ دنوں میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں تھا اور اس نے ثالثی کی کوششوں کے لیے "بہت مثبت ردعمل” ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے حصول، کراسنگ کھولنے اور غزہ میں انسانی امداد پہنچانے کی اجازت دینے کی کوششوں کے تحت تحریک ایڈن الیگزینڈر کو رہاکرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حماس فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے اور جنگ کے خاتمے، قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنے اور غزہ کی پٹی کو کنٹرول کرنے کے لئے ایک آزاد، پیشہ ور ادارہ قائم کرنے کے مقصد سے مذاکرات میں سنجیدگی سے شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔
حماس کے ایک اور سینئر عہدیدار سہیل الہندی نے چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ رہائی 48 گھنٹوں کے اندر ہو جائے گی۔ 18 سالہ الیگزینڈر غزہ میں زندہ بچ جانے والا آخری امریکی یرغمال سمجھا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جنوری میں ایک عارضی جنگ بندی ہوئی تھی، جس کے تحت کچھ یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا اور ابتدائی چھ ہفتوں کے مرحلے کے دوران انسانی امداد پہنچائی گئی تھی۔ تاہم، یکم مارچ کو پہلا مرحلہ ختم ہونے کے بعد مذاکرات ناکام ہو گئے، جس سے قیدیوں کے تبادلے اور امداد کی فراہمی دونوں رک گئے۔
ی