حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیربی سی ویلفیئر پونم پربھاکر نے کہا ہے کہ اگر کسی کو ذاتوں کی مردم شماری کے بارے میں شبہات ہیں، تو ان کا حل کرنے کے لئے حکومت تیار ہے۔
انہوں نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے ایک مخصوص کمیشن تشکیل دے کر، 100,000 سرکاری ملازمین کے ذریعہ شفاف طور پر سروے کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں جب بی سی ذاتوں کی مردم شماری کے لئے اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی، تو حکومت نے قرارداد منظور ہونے کے فوراً بعد ریاستی حکومت کو گرا دیا۔ اسی طرح، بہار میں بی سی مردم شماری کے بعد آرجے ڈی اور جے ڈی یو کی حکومت کو بی جے پی نے گرا دیا۔
جھارکھنڈ میں بھی، جب بی سی ریزرویشن میں اضافہ کی قرارداد پیش کی گئی، تو جھوٹے مقدمات کے ذریعہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو جیل بھیج دیا گیا۔
پونم پربھاکر نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ بی سی طبقات کے لئے ریزرویشن کی حمایت کی ہے، ان اقدامات پر بی جے پی کے رہنماؤں کو تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے 42 فیصد ریزرویشن کے بل کو منظور کروایا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لئے مرکز سے اجازت طلب کی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتوں کی مردم شماری کے سلسلہ میں کوئی بھی شکوک و شبہات ہوں، تو وہ حکومت سے رابطہ کر سکتے ہیں اور حکومت ان کے حل کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کے لئے کیے گئے اقدامات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس میں تعاون کرنا چاہیے۔