حیدرآباد کی معروف نجی اسپتال "اومیگا ہاسپٹل” سے وابستہ ایک خاتون ڈاکٹر کو کوکین جیسے مہنگے نشے میں ملوث ہونے اور منشیات کے بین الریاستی نیٹ ورک سے تعلقات کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، گرفتار خاتون ڈاکٹر کی شناخت 34 سالہ ڈاکٹر نمرا چگروپتی کے طور پر ہوئی ہے، جو کوکین کی شدید عادی تھیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق وہ ممبئی سے منشیات حاصل کر رہی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق، ڈاکٹر نمرا نے ممبئی کے منشیات فروش ونش ڈھکڑ سے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا اور 5 لاکھ روپے مالیت کی کوکین آرڈر کی۔ رقم آن لائن ٹرانسفر کی گئی، جبکہ منشیات کی ترسیل حیدرآباد میں بالاکرشنا عرف رامپیار رام کے ذریعے کی گئی، جو بطور ڈیلیوری ایجنٹ کام کر رہا تھا۔
ریایہ درگم پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان ڈاکٹر نمرا اور بالاکرشنا کو منشیات کی حوالگی کے دوران گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ان کے قبضے سے 53 گرام کوکین، 10 ہزار روپے نقدی اور دو موبائل فون برآمد کیے ہیں۔
تفتیش کے دوران ڈاکٹر نمرا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اب تک منشیات پر تقریباً 70 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔
پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس معاملے کے کوئی بڑے نیٹ ورکس یا دیگر مقامی افراد سے روابط موجود ہیں۔
مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کیس میں مزید گرفتاریاں عمل میں آ سکتی ہیں۔