واشنگٹن/ ریاض (آئی اے این ایس) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہفتہ کے دن (ہندوستانی وقت کے مطابق) وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو فون کیا۔
انہوں نے ہند۔ پاک سرحد پر کشیدگی گھٹانے کو کہا اور پیشکش کی کہ امریکہ تعمیری بات چیت کے لئے مدد کو تیار ہے۔
امریکی وزارت ِ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہندوستانی وزیر خارجہ سبرامنیم جئے شنکر کو فون کیا اور زور دیا کہ دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ کشیدگی گھٹانے اور پھر سے راست رابطہ قائم کرنے کی راہیں تلاش کریں۔
تنازعہ مزید نہ بڑھے اس کے لئے امریکہ ثمرآور بات چیت میں ہاتھ بٹانے کو تیار ہے۔ وزیر خارجہ جئے شنکر نے سوشل میڈیا پر کہا کہ آج صبح امریکی وزیر خارجہ سے میری بات چیت ہوئی۔ ہندوستان کا موقف ہمیشہ نپا تلا اور ذمہ دارانہ رہا ہے اور رہے گا۔
اسی دوران روبیو نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو بھی فون کیا اور ان سے بھی وہی بات کہی جو انہوں نے جئے شنکر سے کہی تھی۔ روبیو نے پاکستان میں اقتدار کے حقیقی مرکز فوجی سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی بات چیت کی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے بعد جنرل عاصم منیر کو فون کیا اور ہندوستان کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کو کہا۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے بھی ہفتہ کے دن وزیر خارجہ ایس جئے شنکر اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے فون پر علیحدہ علیحدہ بات کی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی گھٹانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزارت خارجہ نے آج توثیق کی کہ وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو 2 فون کئے۔
ان کی بات چیت کشیدگی گھٹانے پر مرکوز رہی۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب خطہ میں امن و سلامتی کی پابند ہے۔ دونوں دوستانہ ممالک سے اس کے قریبی اور متوازن تعلقات ہیں۔ غور طلب ہے کہ جمعرات کے دن سعودی عرب کے مملکتی وزیر خارجہ عادل الجبیر نئی دہلی آئے تھے۔ انہوں نے وزیر خارجہ جئے شنکر سے ملاقات کی تھی۔ ان کا یہ دورہ پہلے سے طئے نہیں تھا۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہوجائے۔