حیدرآباد: ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی اور وزارت داخلہ کی طرف سے جاری سیکورٹی الرٹ کے پیش نظر تلنگانہ کی گٹیڈ کمیونٹیز اور ریزیڈنشیل کالونیوں میں سیکورٹی کے اقدامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔
کمیونٹی کامپلکس کے سیکورٹی منیجرس نے شہریوں سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے سیکورٹی گائیڈ لائنس پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ تمام افرادکی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
شہریوں کو مقامی کمیونٹی واٹس ایپ گروپوں میں گائیڈ لائنس کے بارے میں پیغامات موصول ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق، شہر اور مضافاتی علاقوں میں تقریباً تمام کامپلکس کے رہائشی ان ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کر رہے ہیں۔
ایک اپ اسکیل گٹیڈ کمیونٹی کے سیکورٹی ٹیم کی طرف سے جاری پیغام میں کہا گیا”ملک کی سرحدوں پر موجودہ صورتحال اور حیدرآباد میں ممکنہ سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم اپنی کمیونٹی کی حفاظت کے لئے سیکورٹی کے اضافی پروٹوکولس لاگو کر رہے ہیں۔
ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ نیچے دی گئی ہدایات پر فوری طور پر عمل کریں۔“حفاظتی تدابیر میں وزیٹرس اوردیگر کی گاڑیوں کی تلاشی، وینڈرس وڈیلیوری چیک، اور پٹرولنگ اور سی سی ٹی وی نگرانی میں اضافہ شامل ہے۔ سیکورٹی منیجرس نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی لاوارث سامان یا مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً دیں۔
سائبر آباد میں کام کرنے والے ایک انسپکٹر نے کہا کہ داخلی خطرات اور موجودہ حالات میں دہشت گرد حملوں کے امکانات کے پیش نظر، ہم نے چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔”کالونی ایسوسی ایشنس میں سیکورٹی منیجرس کو چوکس رہنے اور سیکورٹی اقدامات بڑھانے کا مشورہ دیاگیا ہے۔
یہ مشورہ وزارت داخلہ کی طرف سے تمام ریاستوں کو بھیجی گئی اڈوائزری کے تحت دیا گیا تھا۔حیدرآباد، سائبر آباد اور رچہ کونڈہ کے تین کمشنریٹ میں پولیس عوام میں اعتماد پیدا کرنے اور پولیس کی موجودگی بڑھانے کے لئے مختلف مقامات پر فٹ پٹرولنگ کر رہی ہے۔