نیویارک (پی ٹی آئی) ہندوستان اور پاکستان کے بیچ بڑھتی کشیدگی کے بیچ امریکہ نے کہا ہے کہ وہ جنگ میں پڑنے والا نہیں کیونکہ یہ بنیادی طورپراس کا معاملہ نہیں ہے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعرات کے دن فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ امریکہ‘ ہندوستان اور پاکستان کو کنٹرول تو نہیں کرسکتا لیکن 2 نیوکلیر ہمسایوں کو کشیدگی ختم کرنے کی ترغیب ضرور دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوکلیر طاقتوں میں جب بھی ٹکراؤ ہوتا ہے ہمیں تشویش ہوتی ہے۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان نیوکلیر جنگ کے امکان کو ٹرمپ انتظامیہ کیسے دیکھتی ہے۔ وینس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارک روبیو کے حوالہ سے کہا کہ واشنگٹن چاہتا ہے کہ کشیدگی جلد سے جلد ختم ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک پر ہمارا کنٹرول نہیں۔ بنیادی طورپر ہندوستان کا پاکستان سے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ پاکستان نے ہندوستان کو جواب دیا ہے۔ ہم اتنا کرسکتے ہیں کہ دونوں ممالک کو کشیدگی کو گھٹانے کی ترغیب دیں لیکن ہم جنگ کے بیچ میں پڑنا نہیں چاہتے کیونکہ یہ ہمارا معاملہ نہیں ہے۔
امریکہ‘ ہندوستانیوں سے یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں۔ہم پاکستانیوں سے نہیں کہہ سکتے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں۔ ہم سفارتی ذرائع سے دونوں کو سمجھاتے رہیں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ جنگ‘ بڑی علاقائی جنگ میں تبدیل نہ ہو‘ خدا نہ کرے نیوکلیر جنگ ہو۔ہم پریشان ضرور ہیں۔
پہلگام حملہ کے وقت وینس اپنی بیوی اور 3 بچوں کے ساتھ ہندوستان کے سرکاری دورہ پر آئے ہوئے تھے۔ اس حملہ کے 2ہفتے بعد ہندوستان نے چہارشنبہ کے دن آپریشن سندور شروع کیا۔ اس نے پاکستان اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔