حیدرآباد: بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کو ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اور موجودہ حالات کے پیش نظر یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کے روز دھرماشالہ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان جاری میچ دورانِ کھیل اچانک روک دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، جموں و کشمیر اور پٹھان کوٹ کے علاقوں میں پاکستانی ڈرون حملوں اور فضائی سرگرمیوں کے باعث بلیک آؤٹ کی صورتحال پیدا ہوئی، جس سے میچ متاثر ہوا۔ بی سی سی آئی نے فلڈ لائٹس میں خرابی اور سیکیورٹی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے میچ کو مکمل طور پر منسوخ کر دیا۔
ادارے نے فوری طور پر کھلاڑیوں، آفیشلز اور براڈکاسٹنگ عملے کو دھرماشالہ سے بحفاظت نکالنے کے لیے ایک خصوصی ٹرین کا بندوبست کیا۔
بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹورنامنٹ کا انعقاد مناسب نہیں، اس لیے آئی پی ایل کو عارضی طور پر ایک ہفتے کے لیے روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک آئی پی ایل 2025 کے 58 میچز مکمل ہو چکے تھے، جبکہ کل 74 میچز کھیلے جانے تھے۔ جمعہ کو لکھنؤ سپر جائنٹس اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان مقابلہ طے تھا۔ فائنل میچ 25 مئی کو کولکتہ میں ہونا تھا۔
اگرچہ آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومال نے جمعرات کو کہا تھا کہ سیزن 18 جاری رہے گا، تاہم بدلتے ہوئے حالات اور کھلاڑیوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے فوری طور پر ایک ہفتے کی عارضی معطلی کا فیصلہ کیا ہے۔