حیدرآباد: ویٹیکن سٹی سے موصولہ اطلاع کے مطابق کارڈینلز کے عالمی اجلاس میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے رابرٹ فرانسس پریووست کو رومن کیتھولک چرچ کے 267ویں پوپ کے طور پر منتخب کیا گیا۔
انہوں نے ’پوپ لیو چہاردہم‘ کا نام اختیار کیا۔ وہ کیتھولک دنیا کے 1.4 ارب پیروکاروں کے سربراہ بنے ہیں۔سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں افراد نے جمع ہوکر خوشی کا اظہار کیا۔
پوپ پریووست جب سینٹ پیٹرز بیسیلیکا کی بالکونی پر نمودار ہوئے تو ہاتھ ہلا کر مسکرا کر اور جھک کر مجمع کو سلام کیا۔انہوں نے پرجوش ہجوم سے کہا”تم پر سلامتی ہو۔“سِسٹین چیپل سے سفید دھواں بلند ہوا جو کہ خفیہ اجلاس میں انتخاب کی نشانی ہے۔
اس کے ساتھ ہی سینٹ پیٹرز بیسیلیکا اور روم بھر کے گرجا گھروں میں گھنٹیاں بجنے لگیں۔بالکونی کو سرخ پردوں سے سجایا گیا جہاں سے دنیا کے سامنے نئے پوپ کا پہلا خطاب متوقع تھا۔
لوگ بڑی تعداد میں اس منظر کو دیکھنے کے لیے امڈ آئے۔پوپ پریووست نے لاطینی زبان میں اپنا خطاب دیا اور خود کو پوپ لیو چہاردہم کے طور پر متعارف کرایا۔ وہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے سابق پوپ فرانسس کے جانشین بنے ہیں جو اصلاحات کے علمبردار سمجھے جاتے تھے۔اس موقع پر موجود لوگوں شدت جذبات سے مغلوب دیکھے گئے۔