خاتون کو برطرف کرنے پر کمپنی کو لاکھوں کا جرمانہ

خاتون کو برطرف کرنے پر کمپنی کو لاکھوں کا جرمانہ

لندن: برطانیہ میں ایک کمپنی کو اُس وقت بھاری خمیازہ بھگتنا پڑا جب اُس نے ایک خاتون ملازمہ کو اُس کے چھٹی والے دن نوکری سے نکال دیا۔ اچانک ملازمت سے برخاست کیے جانے پر خاتون کی ذہنی صحت مزید بگڑ گئی، جس کے بعد انہوں نے انصاف کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

روزگار سے متعلق ٹربیونل نے معاملے کی سماعت کے بعد خاتون کے حق میں فیصلہ سنایا اور کمپنی کو 28 لاکھ روپے (تقریباً 27,850 پاونڈ) ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا۔ بعد میں خاتون کو وہی نوکری دوبارہ بھی مل گئی۔

برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی لندن کے علاقے کروئڈن میں واقع روزگار ٹربیونل نے پایا کہ جوآن نِیل نامی خاتون کو جس طریقے سے نوکری سے نکالا گیا، اُس سے اُن کی ذہنی صحت مزید خراب ہوگئی۔ خاتون کو نکالے جانے کی اطلاع مائیکروسافٹ ٹیمز کی ایک میٹنگ کے ذریعے دی گئی، جس میں انہیں سوالات کرنے کا بھی موقع نہیں دیا گیا۔

عدالت نے کہا کہ انہیں جس میٹنگ کا نوٹس دیا گیا وہ بہت ہی مختصر وقت پر تھا، اور خاتون کو یہ اندازہ بھی نہیں تھا کہ انہیں نوکری سے نکالا جائے گا۔ یہ میٹنگ اُن کے ویک آف (چھٹی) کے دن لی گئی، جس میں ان کے مینیجر ایان وائٹ اور ایک اور افسر موجود تھے۔ میٹنگ میں بس اتنا کہا گیا کہ "بدقسمتی سے” آپ کی ملازمت ختم کی جا رہی ہے۔

عدالتی دستاویزات سے پتا چلا کہ جوآن نِیل کو نومبر 2022 میں نوکری سے نکالا گیا، جبکہ ان کی ذہنی صحت جنوری 2022 سے ہی خراب ہونا شروع ہو گئی تھی۔ وہ ہفتے میں دو دن گھر سے کام (Work From Home) کی درخواست کر چکی تھیں، لیکن کمپنی نے اجازت نہیں دی۔

ان پر اتنا دباؤ تھا کہ وہ کام کے دوران اکثر اپنے ساتھیوں کے سامنے رونے لگتی تھیں، مگر انہیں سال میں صرف دو دن کی بیماری کی چھٹی (Sick Leave) دی جاتی تھی۔ عدالت نے پایا کہ ان کے ساتھ صنفی امتیاز بھی برتا گیا، کیونکہ انہیں اُن کے کام کے گھنٹوں کی بنیاد پر برخاست کیا گیا، جو کہ جز وقتی (Part-time) ملازمین سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ جز وقتی کام کرنے والے زیادہ تر ملازمین خواتین ہوتی ہیں، اس لیے یہ عمل بالواسطہ صنفی امتیاز کے زمرے میں آتا ہے۔

ایک اور ملازم کے کمپنی چھوڑنے کے بعد، جوآن نِیل کو ان کی پرانی نوکری بھی واپس دے دی گئی، اور کمپنی کو بھاری معاوضہ بھی ادا کرنا پڑا۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے