حیدرآباد (منصف نیوز ڈیسک)پنجاب کے ضلع بٹھنڈہ کے قریبی گاؤں اکالی خورد میں منگل کی رات تقریباً دو بجے ایک زور دار دھماکے نے نیند میں سوئے دیہاتیوں کو جگا دیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ دھماکہ ایک نامعلوم طیارے کے کھیتوں میں گرنے سے ہوا جس کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی۔انڈین اکسپریس کے مطابق حادثے میں ہریانہ سے تعلق رکھنے والا ایک مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ نو افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
حادثہ بٹھنڈہ کے بھیسیانہ ایئر فورس اسٹیشن سے محض 20 کیلومیٹر دور پیش آیا۔ گاؤں کے لوگوں نے بتایا کہ طیارہ گرنے کے بعد متعدد افراد جائے حادثہ کی طرف دوڑے۔ بعد ازاں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس میں مزدور گوند جو ہریانہ کے ضلع حصار کا رہائشی تھا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
بتایا گیا ہے کہ گوند گندم کی کٹائی کے لیے آیا تھا اور جائے حادثہ کے قریب ہی ایک کمرے میں رہائش پذیر تھا۔ وہ طیارہ گرنے کے بعد سب سے پہلے موقع پر پہنچا اور ویڈیو ریکارڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا جب وہ زیادہ قریب چلا گیا تو دھماکہ ہوا۔دیگر نو دیہاتی جو جائے حادثہ کے قریب پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے دھماکے سے جھلس گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر بٹھنڈہ کے گونیانا سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔حکام نے تاحال اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع سب سے پہلے پنجاب پولیس کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا۔ فوج اور ایئر فورس کے اہلکار بھی علی الصبح جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ایئر فورس نے جائے حادثہ پر کیمپ لگا کر ملبہ جمع کرنا شروع کر دیا۔صبح کے وقت جب روشنی پھیلی تو مزید دیہاتی جائے حادثہ کی طرف آنے لگے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں دور رکھنے کے لیے نفری تعینات کر دی۔تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گرنے والا طیارہ کس ملک یا ادارے سے تعلق رکھتا ہے۔ سرکاری سطح پر اس واقعہ پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ دفاعی ماہرین اور انٹلی جنس ایجنسیاں تحقیقات میں مصروف ہیں۔