حیدرآباد: پاکستان میں کشیدہ حالات کے پیشِ نظر مرکزی حکومت کی ہدایت پر حیدرآباد میں پولیس محکمہ کی نگرانی میں "آپریشن ابھیاس” کے نام سے ماک ڈرل (فرضی مشق) کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشق شام 4 بجے شروع ہوئی۔ سب سے پہلے شہر کے مختلف علاقوں میں سائرن بجائے گئے۔ سائرن خاص طور پر اہم چوراہوں اور اپارٹمنٹس کے قریب سنائی دیے۔
یہ مشق ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار سے عوام کو آگاہ کرنے کے مقصد سے کی گئی۔ پولیس کی جانب سے عوام اور امدادی عملے کو ایسے حالات میں برتاؤ کے طریقے سکھانے کے لیے اس ماک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔
حیدرآباد کے چار علاقوں نانل نگر، کنچن باغ، سکندرآباد اور ای سی آئی ایل این ایف سی میں سِول ماک ڈرل کی گئی۔ اس مشق میں این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، محکمہ دفاع، اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کمانڈ کنٹرول سینٹر سے اعلیٰ حکام نے نگرانی کی۔
سکندرآباد، گولکنڈہ، کنچن باغ ڈی آر ڈی او، اور مولاعلی این ایف سی میں بھی افسران نے ماک ڈرل کی قیادت کی۔ فرضی فضائی حملے کی صورت میں کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، اس پر "آپریشن ابھیاس” کے تحت سِول ڈیفنس سروسز کے 12 افسران نے عوام کو آگاہی دی۔ یہ پروگرام تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔