حیدرآباد: تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے کی جانے والی مجوزہ ہڑتال ملتوی کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب آر ٹی سی جے اے سی کے لیڈروں اور ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے درمیان مذاکرات کامیاب رہے۔
حکومت نے ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے تین آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں نوین متل، لوکیش کمار اور کرشن بھاسکر شامل ہیں۔
یہ کمیٹی ملازمین یونینوں سے بات چیت کرے گی اور مسائل کے حل کے لئے سفارشات پیش کرے گی۔ حکومت نے ہدایت دی ہے کہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔تین گھنٹے تک جاری رہنے والے ان مذاکرات میں آر ٹی سی کے انضمام کے مسئلے پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی۔
مذاکرات کے بعد جے اے سی لیڈروں نے میڈیا کو بتایا ”ہم نے حکومت سے ملازمین کو روزگار کی ضمانت دینے کی اپیل کی۔ حکومت نے پرائیویٹ الیکٹرک بسوں کے سلسلہ میں مثبت رویہ ظاہر کیا۔ وزیرموصوف کا کہنا تھا کہ حکومت خود الیکٹرک بسیں خرید کر آر ٹی سی کے حوالے کرے گی۔
حکومت نے ہمدردانہ بنیادوں پر تقررات کے سلسلہ میں بھی مثبت رویہ اختیار کیا۔ ہم نے سنگارینی ماڈل پر ریگولر بنیادوں پر ہمدردانہ تقررکا مطالبہ کیا۔
ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات اور تنخواہوں میں ترمیم کے معاملے پر بھی حکومت نے مثبت جواب دیا۔ موجودہ قومی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے حکومت کو کچھ وقت دینے اور ہڑتال کو وقتی طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ہم دوبارہ ہڑتال کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ یہ صرف ایک عارضی التوا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ٹی جی ایس آر ٹی سی جے اے سی نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے اعلان کیا تھا کہ اگر 6 مئی کی آدھی رات تک مذاکرات کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی دعوت نہیں آتی تو وہ 7 مئی سے ہڑتال پر چلے جائیں گے۔تاہم وزیر پونم پربھاکر کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ہڑتال ملتوی کر دی گئی۔