حیدرآباد: دنیا کے مختلف ممالک سے شہرپہنچنے والی مس ورلڈ 2025 کی حسینائیں 13 مئی کو شہرِ حیدرآباد کے قلب میں واقع چومحلہ پیالس کی صدیوں پر محیط ایک عظیم تہذیب، تاریخ اور شاہی وقار کی گواہ بنیں گی جہاں پر ان کے اعزازمیں عشائیہ ترتیب دیاجائے گااورموسیقی ریز پروگرام ہوگا۔
یہ تقریب ہندوستان کے مسلم سلاطین کے جمالیاتی ذوق، فنِ تعمیر، مہمان نوازی، اور ثقافتی ورثہ کی بھرپور عکاسی ہوگی۔ چومحلہ پیالس کا یہ انتخاب کوئی معمولی اتفاق نہیں بلکہ اس بات کا اعتراف ہے کہ یہ عمارت صرف پتھروں کا ڈھانچہ نہیں، بلکہ تہذیب دکن کا زندہ و جاوید نمونہ ہے۔
چارمینار کے قریب اورپرانا شہر کے بیجوں بیچ واقع چومحلہ پیالس، حیدرآباد کے شاہی ورثہ کا ایک انمول خزانہ ہے۔ اس عظیم الشان محل کا نام فارسی الفاظ”’چہار“ (چار) اور ”محل“(محل) سے ماخوذ ہے، جو اس کے چار مختلف محل نما عمارات پر دلالت کرتا ہے۔
یہ محل جہاں نظام حیدرآباد کی تخت پوشی ہوتی تھی، وہیں سیاسی اجلاس، ثقافتی پروگرام اور بین الاقوامی مہمانوں کی ضیافت کا بھی مرکز رہا۔ اس کی فنِ تعمیر میں مغلیہ، فارسی، راجستھانی اور یورپی اثرات کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے، جو اسے ایک عالمی ورثہ بناتی ہے۔
مس ورلڈ کی حسیناؤں کے اعزاز میں منعقد ہونے والا ڈنر صرف ایک ضیافت نہیں، بلکہ ان کے لئے دکن کی مہمان نوازی کا عملی مظاہرہ ہوگا۔ روایتی حیدرآبادی کھانوں کی خوشبو، نظامی ذوق کی جھلک اور کلاسیکی موسیقی کی مدھم دھنیں انہیں ایک ایسے زمانے میں لے جائیں گی جہاں وقار، نرمی، اور نفاست ہی اصل حسن تھا۔
یہ تقریب صرف ایک ثقافتی دورہ نہیں، بلکہ چومحلہ پیالس جیسے ورثہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک نادر موقع ہے۔ مس ورلڈ کا یہ پلیٹ فارم حیدرآباد کی تہذیب، روایات اور فنِ تعمیر کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کا ذریعہ بنے گا۔
اس سے نہ صرف تلنگانہ بلکہ پورے ہندوستان کے سیاحتی اور ثقافتی ورثہ کو عالمی سطح پر نئی پہچان حاصل ہوگی۔ 13 مئی کا دن چومحلہ کے سنہرے اور سنگ مرمر سے آراستہ دالانوں میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا جہاں جمالیات اور ثقافت، حسن اور تہذیب، ایک دوسرے سے بغلگیر ہوں گے۔
یہ موقع دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ حسن صرف چہرے کا نہیں، بلکہ تہذیبوں، عمارتوں، روایات اور روحوں میں بھی پوشیدہ ہوتا ہے۔چومحلہ کی یہ شام نہ صرف حسیناؤں کے لئے یادگار ہوگی بلکہ حیدرآباد کے لئے بھی ایک فخر کا لمحہ ہوگی جہاں ورثہ اور خوبصورتی ایک دوسرے میں تحلیل ہو جائیں گے۔
ی