حیدرآباد: آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں میں ہوئی غیرموسمی بارش نے کسانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
کرشنا ضلع میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے سبب دھان، مکئی، کیلا اور پپیتے کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔
خاص طور پر کیلا کے کاشتکاروں نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تیار فصل طوفانی ہواوں کی وجہ سے زمین پر گرگئی ہے۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ ہر ایکڑ پر تقریباً ایک لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے اور وہ حکومت سے فوری مالی امداد کی اپیل کر رہے ہیں۔دوسری جانب متحدہ مشرقی گوداوری ضلع میں بھی کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں
۔ کھیتوں میں دھان سوکھنے کے لئے پھیلایا گیا تھا لیکن اچانک ہوئی موسلا دھار بارش سے وہ بھیگ گیا جس سے اناج خراب ہونے لگا ہے۔
خاص طور پر کوناسیما علاقہ میں جہاں دھان کی کٹائی زوروں پر تھی، وہاں بارش نے پوری محنت پر پانی پھیر دیا۔ کاکنادا ضلع میں بھی دھان بھیگ جانے کے باعث کسانوں کی حالت نہایت افسوسناک ہو چکی ہے۔
متاثرہ کسانوں نے حکومت سے فوری معائنہ کروا کر معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔