زو پارک میں سیلفی کا شوق مہنگا پڑ گیا، نوجوان پر مگرمچھ کا حملہ (ویڈیو)

زو پارک میں سیلفی کا شوق مہنگا پڑ گیا، نوجوان پر مگرمچھ کا حملہ (ویڈیو)

فلپائن: فلپائن کے جنوبی صوبے زمبوانگا سیبوگائے (Zamboanga Sibugay) میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 29 سالہ نوجوان کو سیلفی کا شوق اس قدر مہنگا پڑا کہ وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گیا۔

یہ واقعہ پیر، 28 اپریل کو کابوگ آئی لینڈ مینگروو اینڈ ویٹ لینڈز پارک (Kabug Island Mangrove and Wetlands Park) میں پیش آیا، جب ایک نوجوان نے پارک میں موجود مگرمچھ کے پنجرہ میں صرف اس غلط فہمی میں چھلانگ لگا دی کہ وہ جانور اصلی نہیں بلکہ پلاسٹک کا مجسمہ ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق نوجوان ایک موبائل فون کے ساتھ پنجرہ کی چین-لنک فینسنگ پھلانگ کر اندر داخل ہو گیا تاکہ مگرمچھ کے ساتھ سیلفی لے سکے۔ اس کا خیال تھا کہ مگرمچھ مصنوعی ہے۔ لیکن جیسے ہی وہ چند قدم آگے بڑھا، ‘لعلائی’ نامی مگرمچھ نے اچانک حملہ کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، مگرمچھ نے نوجوان کے ہاتھ کو زور سے پکڑ لیا اور پانی میں گھسیٹنا شروع کر دیا، اس کے ساتھ ہی ‘ڈیتھ رول’ یعنی چکر دے کر شکار کو توڑنے والی مہلک تکنیک کا استعمال کیا۔ نوجوان درد سے چیختا رہا، لیکن مگرمچھ اسے مسلسل گھماتا رہا، جس کے باعث اس کی چوٹیں مزید سنگین ہو گئیں۔

سیای میونسپل پولیس کے اسٹاف سارجنٹ جوئل ساجولگا (Joel Sajolga) نے بتایا کہ نوجوان کی یہ حرکت نہایت غیرذمہ دارانہ اور خطرناک تھی، جو اس کی اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف تھی۔

واقعے کے دوران زُو کیپر نے پہلے نوجوان کو روکنے کی کوشش کی، لیکن جب حملہ ہوا تو وہ فوراً اپنی جان خطرے میں ڈال کر پنجرہ میں کود گیا۔ اس نے ایک کنکریٹ کے ٹکڑے سے مگرمچھ کے سر پر ضرب لگائی، جس کے بعد مگرمچھ نے نوجوان کو چھوڑ دیا۔

فوری طور پر پیرامیڈکس موقع پر پہنچے اور نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹر جارج ٹی. ہوفر میموریل اسپتال میں اس کا علاج جاری ہے، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے ہاتھ اور پیر پر 50 سے زائد ٹانکے لگانے پڑے ہیں۔ نوجوان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم وہ شدید زخمی ہے۔

مقامی پولیس نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلفی سے گریز کریں۔ جانوروں کے ساتھ احتیاط برتنا انتہائی ضروری ہے، خاص طور پر خطرناک جانوروں جیسے مگرمچھ کے قریب جانے سے پرہیز کیا جائے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے