پٹنہ: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے امیدوار رانا رنجیت سنگھ کا ایک بیان سوشل میڈیا پر زبردست وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے پارٹی کے صدر اسدالدین اویسی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ہندوستان کا وزیر داخلہ بنانے کی بات کہی ہے۔
رانا رنجیت سنگھ جو کہ بہار اسمبلی انتخابات کے لیے AIMIM کے امیدوار ہیں، نے اپنے ایک خطاب میں کہا:
"اگر اسدالدین اویسی کو صرف 15 منٹ کے لیے بھارت کا وزیر داخلہ بنا دیا جائے، تو پاکستان کی حالت دیکھنے کے لائق ہوگی۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ایک دن اپنے ایک جاننے والے کے ساتھ چائے پی رہے تھے، تب ہی انہوں نے یہ بات کہی کہ اگر اویسی جیسے بے باک لیڈر کو اختیارات دئے جائیں، تو وہ دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔
اسدالدین اوویسی حالیہ دنوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنے جارحانہ بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ ان کا اندازِ بیان نہ صرف تیکھا ہے بلکہ براہِ راست اور بے خوف بھی ہے، جس نے انہیں عوام میں مزید مقبول بنا دیا ہے۔
اس وقت جہاں کانگریس، سماج وادی پارٹی اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی حکومت پر پاکستان کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام لگا رہی ہیں، وہیں اویسی نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پاکستان اور بنگلہ دیش کو کھری کھری سنائیں۔ ان کے اس رویہ نے خود بی جے پی کے کئی قائدین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اویسی کو عام طور پر ایک "متنازعہ” اور "فرقہ پرست” لیڈر کے طور پر دیکھا جاتا ہے، خاص طور پر ہندو طبقے کے درمیان لیکن ان کے حالیہ بیانات نے ان کے ناقدین کو بھی حیران کر دیا ہے۔ اب وہی لوگ جو اویسی پر نفرت انگیز سیاست کرنے کا الزام لگاتے تھے، ان کے دلیرانہ مؤقف کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔
رانا رنجیت سنگھ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو میں ان کا انداز پُرعزم ہے اور وہ اویسی کے لیے جس انداز میں حمایت کا اظہار کرتے ہیں، اس نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔