نئی دہلی (آئی اے این ایس) حکومت ہند نے اتوار کے دن پاکستان کی پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹس بلاک کردیئے۔
دونوں کے آفیشل ایکس ہینڈلس کو موجودہ کشیدہ صورتحال کے تعلق سے مخالف ہند اور شر انگیز مواد کی وجہ سے بند کردیا گیا۔ ہندوستان پہلے ہی حکومت پاکستان کے آفیشل ایکس ہینڈل اور وہاں کے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ایکس اکاؤنٹ کو معطل کرچکا ہے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات ونشریات عطاء للہ تارڑ کے ایکس اکاؤنٹ کو اُن کے اِس دعوے کے بعد بلاک کیا گیا کہ ہندوستان پاکستان پر فوجی حملہ کرنے والا ہے۔ اُنہوں نے مستند انٹلیجنس جانکاری کا حوالہ دیا تھا۔ پہلگام دہشت گرد حملہ میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد ہندوستان پاکستان کے خلاف کئی اقدامات کرچکا ہے۔
اُس نے 16 پاکستانی یوٹیوب چینلس پر امتناع عائد کردیا جو اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ لحاظ سے حساس مواد پھیلارہے تھے۔ ہندوستان، ہندوستانی فوج اور اُس کی سیکوریٹی ایجنسیوں کو نشانہ بنانے اُن کا بیانیہ جھوٹا اور گمراہ کن تھا۔ حکومت ہند نے وزارت داخلہ کی سفارش پر یہ اقدام کیا۔
ممنوعہ یوٹیوب چینلس میں ڈاؤن نیوز، ارشاد بھٹی، سما ٹی وی، اے آر وائی نیوز، بول نیوز، رفتار، دی پاکستان ریفرنس، جیو نیوز، سما اسپورٹس، جی این این، عذیر کرکٹ، عمرچیمہ ایکسکلوسیو، اسما شیرازی، منیب فاروق، سنو نیوز ایچ ڈی اور رضی نامہ شامل ہیں۔ اِن یوٹیوب چینلس کی مجموعی ویورشپس کی کئی کروڑ کی ہے۔