بنگلورو: کرناٹک کے وزیر امکنہ و اوقاف بی زیڈ ضمیر احمد خان کا ایک ویڈیو ہفتہ کے دن سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں وہ یہ اعلان کررہے ہیں کہ وہ ہندوستان کے لئے خودکش بمبار بننے تیار ہیں۔ وہ جنگ لڑنے کے لئے دھماکو مادہ سے لیس ہوکر پاکستان میں گھسنے کو تیار ہیں۔
قبل ازیں میڈیا سے بات چیت میں ضمیر احمد خان نے کہا کہ میں یہ کئی بار کہہ چکا ہوں۔ ہم انڈین ہیں‘ ہم ہندوستانی ہیں۔ ہمارا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں۔ ضرورت پڑنے پر میں جنگ لڑنے کو تیار ہوں۔
وزیر کی حیثیت سے بھی مجھے میدان ِجنگ میں بھیجا گیا تو میں وہاں جانے اور پاکستان کے خلاف لڑنے کے لئے تیار ہوں۔ میں ہندوستان کے لئے شخصی طورپر میدان ِ جنگ میں جاؤں گا۔ ہم سب کو ملک کے لئے ایسا کرنا چاہئے۔
ضرورت پڑنے پر میں انڈیا کے لئے خودکش بمبار بن جاؤں گا۔میں یہ بات یوں ہی جذبات میں بہہ کر نہیں کررہا ہوں۔ ملک کے لئے ضروری ہو تو میں خودکش بمبار کے طورپر اپنی جان قربان کرنے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ مجھے خودکش بمبار بننے کا موقع دیں‘ قسم اللہ کی میں اپنے جسم پر دھماکو اشیاء لپیٹ کر پاکستان جاؤں گا۔ ویڈیو کو کافی توجہ ملی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر اسے بڑے پیمانہ پر شیئر کیا گیا۔
سماج کے مختلف طبقات نے اس کی ستائش کی ہے۔ چیف منسٹر سدارامیا کے قریبی ساتھی ضمیر احمد خان‘ بنگلورو کے حلقہ چامراج پیٹ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
وہ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی مدد سے ریاستی سیاست میں ابھرے تھے۔ جنتادل ایس چھوڑنے کے بعد وہ کانگریس میں شامل ہوگئے تھے۔ قبل ازیں چیف منسٹر سدارامیا نے یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا تھاکہ پاکستان سے جنگ نہ کی جائے۔