حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شوہر نے بیوی کو صرف اس لئے قتل کر دیا کہ شادی کے 20 سال کے باوجود انہیں اولاد نصیب نہیں ہوئی۔
قتل کے بعد ملزم نے بیوی کی لاش کو کئی دنوں تک گھر میں ہی رکھا، جس کے باعث تعفن پھیلنے لگا۔پولیس کے مطابق، کوڈمیا ل علاقہ کے مہندر کی شادی ممتا نامی خاتون سے ہوئی تھی۔
کچھ عرصہ سے خاندان میں جائیداد کے معاملہ پر تنازعات چل رہے تھے۔ مہندر، اس کے والدین لکشمن، وجروماں، اور دیگر رشتہ دار انیل و وینکٹیش، ممتا کو ذہنی اذیت دیا کرتاتھے، کیونکہ اس کو اولاد نہیں ہوئی تھی۔
اس سازش کے تحت، مہندر نے گزشتہ ماہ 26 تاریخ کو اپنے ہی گھر میں ممتا کو قتل کر دیا۔ قتل کے بعد، اس نے لاش کو وہیں چھوڑدیا جس سے تعفن پھیلنے لگا۔
اس نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی بیوی لاپتہ ہے۔جب ممتا کے والدین نے اس سے اور اس کے ارکان خاندان سے سوالات کئے تو انہوں نے ٹال مٹول سے کام لیا۔
شک کی بنیاد پر ممتا کے والدین اس کے گھرپہنچے جہاں انہوں نے گھر میں ممتا کی لاش دیکھی۔ ممتا کی ماں پدما کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مہندر کو حراست میں لے لیا ہے۔