نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس نے جمعہ کے دن کہا کہ مرکزی حکومت کا ذات پات پر مبنی مردم شماری کرانے کا فیصلہ اس کے پیٹرن کے عین مطابق ہے۔ وہ پہلے ہر اچھی اسکیم یا پالیسی کی مخالفت کرتی ہے‘ اسے بدنام کرتی ہے اور بعد میں عوام کے دباؤ اور حقیقت کے مدنظر اسے اپنالیتی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت کا نہ تو اپنا کوئی ویژن ہے اور نہ مسائل حل کرنے کوئی سمت ہے۔ اسے صرف عوام کی توجہ ہٹانا‘ حقیقی مسائل سے بھاگنا اور اپنے تفرقہ پسند ایجنڈہ کو آگے بڑھانا آتا ہے۔ اس کی کوئی پالیسی یا ارادہ بھی نہیں ہے۔
اس کے پاس صرف جھوٹ کی سیاست‘ پروپگنڈہ اور نفرت ہے۔ کانگریس قائد نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ مودی حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کو کئی سال دبائے رکھا۔ آخرکار اسے راہول گاندھی‘کانگریس پارٹی ورکرس اور اَن گنت سماجی ورکرس اور تنظیموں کی انتھک لڑائی کے آگے جھکنا پڑا۔
مودی حکومت کل تک ذات پات پر مبنی مردم شماری کا نام لینے سے تک شرماتی تھی۔ اس نے اس کا مذاق اُڑانے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی لیکن آج وہ جھک گئی۔ اس نے عوام کے زبردست دباؤ اور اپوزیشن کی جدوجہد کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔