نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے جمعہ کے دن کہا کہ حکومت نے پہلگام دہشت گرد حملہ کے بعد پیدا صورتِ حال سے نمٹنے کی کوئی واضح حکمت عملی ابھی تک نہیں بتائی ہے حالانکہ ساری اپوزیشن اس مسئلہ پر مرکز کے ساتھ ہے۔
انہوں نے پارٹی دفتر 24 اکبر روڈ میں کانگریس ورکنگ کمیٹی(سی ڈبلیو سی) اجلاس میں یہ بھی کہا کہ حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا ان کی پارٹی کا مطالبہ قبول کرلیا لیکن ایسے وقت اس کا اعلان چونکا دینے والا ہے۔
انہوں نے حکومت کی نیت پر شبہ ظاہر کیا اور پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ کاسٹ سروے کو منطقی انجام تک پہنچانے تک چوکنا رہیں۔ کانگریس صدر نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کرانے کے حکومت کے فیصلہ کا کریڈٹ اپنی پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی کو دیا۔
انہوں نے کہا کہ پھر ثابت ہوگیا کہ ہم نے عوام کا مسئلہ دیانتداری سے اٹھایا اور حکومت کو جھکنا پڑا۔ کھرگے نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں کانگریس نے مرکز کو ہرممکنہ مدد کی پیشکش کی ہے لیکن حکومت نے پہلگام حملہ کے کئی دن گزرجانے کے باوجود واضح حکمت عملی نہیں بتائی۔
اس مسئلہ پر ساری اپوزیشن‘ حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم نے ساری دنیا کو یہ پیام دے دیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کانپور میں شبھم دیویدی کے ارکان خاندان سے ملاقات کی تھی اور مرکز سے مطالبہ کیا تھا کہ شبھم دیویدی کو شہید کا درجہ دیا جائے۔ شبھم دیویدی 22 اپریل کو پہلگام دہشت گرد حملہ میں ہلاک ہوا تھا۔