شمالی ہند میں موسلادھار بارش، 7 افراد ہلاک۔ دہلی ایرپورٹ سے 3پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا

شمالی ہند میں موسلادھار بارش، 7 افراد ہلاک۔ دہلی ایرپورٹ سے 3پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا

نئی دہلی/ گروگرام/ چندی گڑھ /لکھنو/ شملہ (پی ٹی آئی) دہلی۔ این سی آر میں جمعہ کی صبح 3 گھنٹوں کی موسلادھار بارش اور گردوغبار کے طوفان کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر ہوئی اورٹریفک میں خلل پڑا۔

شمالی ہند میں بارش سے متعلق واقعات میں 7 افراد ہلاک ہوئے۔ دہلی‘ گروگرام‘ فریدآباد اور متھرا میں مصروف سڑکیں زیرآب آگئیں۔ گاڑیاں چلانے والے سست ٹریفک میں پھنس کر رہ گئے۔ دہلی کے مختلف علاقوں کی تصاویر میں درخت گرے دکھائی دیئے۔

فریدآباد میں لوگ ایک آدھی ڈوبی ہوئی کار کو کھینچ کر نکالنے کی کوشش کررہے تھے۔ غازی آباد میں گاڑیوں کی طویل قطار ٹریفک جام میں پھنس گئی۔ دہلی کے نجف گڑھ میں ایک عورت اور 3 بچے ان کے مکان پر درخت گرنے سے ہلاک ہوئے۔عورت کا شوہر زندہ بچ گیا۔

دہلی فائر سرویسس کے ایک عہدیدار نے کہاکہ ہم نے کئی ٹیمیں بھیجیں اور ملبہ سے 4 افراد کو بچالیا گیا۔ دہلی کا منٹو بریج‘ آئی ٹی او‘ میجر سومناتھ مارگ (آر کے پورم) اور خان پور زیرآب آگئے۔ ان علاقوں میں بھاری ٹریفک جام تھا۔ آج صبح صرف 3 گھنٹوں میں شہر میں 77 ملی میٹر بارش ہوئی جو 5 بجے کے آس پاس شروع ہوئی تھی۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

اس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ پوری طرح چوکس رہیں۔ دہلی فائر سرویسس کو 3-4 گھنٹوں کی بارش اور آندھی کے دوران تقریباً 100 کال موصول ہوئیں۔ دہلی میں کئی جگہ درخت گرپڑے جس سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) نے کہا کہ اسے پانی جمع ہونے کی 100 شکایتیں دوپہر تک موصول ہوئیں۔

ٹاٹا پاور دہلی ڈسٹری بیوشن لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا کہ برقی سربراہی منقطع ہونے کی 22 شکایتیں آئیں۔ گروگرام میں چند علاقوں کو چھوڑکر شہر کا بڑا حصہ زیرآب آگیا۔ اترپردیش میں جمعہ کی صبح بجلی گرنے سے کم ازکم 3 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی دوران دہلی ایرپورٹ پر جمعہ کی صبح 3 پروازوں کا رخ موڑدیا گیا ایور 100 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں نے فلائٹ آپریشن درہم برہم کردیا۔

ایک عہدیدار نے کہا کہ 2 پروازوں کو جو دہلی ایرپورٹ پر لینڈ ہونے والی تھیں‘ جئے پور بھیج دیا گیا اور ایک کا رخ احمدآباد کی طرف موڑدیا گیا۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ راڈار 24 ڈاٹ کام کے بموجب 100 سے زائد پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ جسے دہلی انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹڈ چلاتی ہے‘ ملک کا سب سے بڑا اور مصروف ترین ایرپورٹ ہے جہاں روزانہ 1300 کے آس پاس پروازوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے