نئی دہلی: پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان دونوں نے عارضی ویزا پر مقیم شہریوں کو فوری طور پر اپنے اپنے ملک واپس جانے کی ہدایت دی تھی، اور اس کیلئے مقرر کردہ ڈیڈ لائن بھی ختم ہو چکی ہے۔
تاہم، جمعرات کی صبح 8 بجے پاکستان نے اٹاری-واگھا سرحد پر اچانک اپنے امیگریشن کاؤنٹرز بند کر دیے، جس کے باعث درجنوں پاکستانی شہری جو واپسی کے منتظر تھے، سرحد پر ہی پھنس کر رہ گئے۔
ان افراد میں خواتین، بزرگ اور بچے شامل ہیں، جنہیں نہ رہنے کی جگہ میسر ہے اور نہ ہی خوراک، جس کی وجہ سے ان کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ پاکستانی حکام نے صاف طور پر کہہ دیا ہے کہ وہ اپنے ان شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پاکستان کی اس اقدام پر شدید تنقید ہو رہی ہے، اور لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ایک ملک اپنے ہی شہریوں کو واپسی سے کیسے روک سکتا ہے؟ دوسری جانب، ہندوستان نے انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اٹاری-واگھا سرحد کے راستے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس جانے کی اجازت دی جائے گی، جب تک کہ حکومت کی طرف سے کوئی نیا حکم نامہ جاری نہیں ہوتا۔