حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) پہلگام دہشت گرد حملہ کے بعد صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ایک اور سخت ترین ریمارکس میں کہا کہ اب ہندوستان کو پاکستان کی پشت پناہی کی حامل دہشت گرد سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہوگا اور یہ کہ ہندوستان کو صرف داخل ہوکر مارنا نہیں بلکہ داخل ہوکر بیٹھ جانا چاہئے۔
پہلگام میں 22 /اپریل کوکئے گئے حملہ پر ہندوستان کی انتقامی کارروائی کے ڈر سے اسلام آباد کے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے لانچنگ پیاڈس کا تخلیہ کرنے کی اطلاعات کے درمیان بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا ”اگر انہوں نے تخلیہ کرلیا ہو تو ہمیں چاہئے کہ اندر گھس کر وہاں بیٹھ جائیں۔
بی جے پی کہتی نا کہ گھر میں گھس کر ماریں گے‘ اس مرتبہ اگر وہ کوئی کارروائی کرتے ہیں تو گھر میں گھس کے بیٹھ جانا ختم‘ ہندوستان کی پارلیمنٹ کی قرار داد ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر‘ بھارت کا حصہ ہے۔ یہ دہشت گردی ختم ہونی ہے“۔
انہوں نے کہا کہ بار بار دہشت گردانہ حملے ہوتے آرہے ہیں۔حیدرآباد میں لمبنی پارک‘ دلسکھ نگر میں بم دھماکے ہوئے۔ بیرسٹر اویسی نے کہا ”شرماجی نامی ان کے ایک جانکار ہے جنہوں نے بم دھماکہ میں اپنی بیٹی کو کھودیا ہے۔وہ کبھی کبھار ان سے ملاقات کے لئے آتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ انہیں اپنی بیٹی کی یاد آرہی ہے۔