حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی کے نتائج کا اعلان وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کیا۔ اس موقع پر بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے مضامین کے لحاظ سے مارکس اور گریڈس بھی جاری کئے۔اس سال کامیابی کی مجموعی شرح 92.78 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلہ 1.47 فیصد زیادہ ہے۔ نتائج میں لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کی ہے۔
لڑکوں کی کامیابی کی شرح 91.32 فیصد رہی، جبکہ لڑکیوں نے 94.26 فیصد کامیابی حاصل کی۔ریاست کے 4,629 اسکولوں میں 100 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔ پرائیویٹ اسکولوں میں کامیابی کی شرح 94.21 فیصد رہی، جبکہ گروکل اسکولوں (ریزیڈنشیل اسکولس) نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 98.79 فیصد کامیابی درج کی۔
دو اسکول ایسے بھی ہیں جہاں ایک بھی طالب علم کامیاب نہیں ہو سکا۔ ضلع محبوب آباد 99.29 فیصد کامیابی کے ساتھ ریاست بھر میں پہلے مقام پر رہا، جبکہ وقارآباد ضلع میں سب سے کم یعنی 73.97 فیصد کامیابی درج کی گئی۔حکام کے مطابق، اڈوانسڈ سپلمنٹری امتحانات 3 جون سے 13 جون تک منعقد ہوں گے۔
ان امتحانات کے لئے فیس کی ادائیگی کی آخری تاریخ 16 مئی مقرر کی گئی ہے۔ نشانات کی دوبارہ گنتی اورپرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے طلبہ 15 مئی تک درخواست دے سکتے ہیں۔