بی آر ایس کا سلور جوبلی جلسہ فلاپ شو: تلنگانہ پردیش کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ کا تبصرہ

بی آر ایس کا سلور جوبلی جلسہ فلاپ شو:  تلنگانہ پردیش کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ کا تبصرہ

حیدرآباد (پی ٹی آئی) تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر بی مہیش کمار گوڑ نے پیر کے روز بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کو چالینج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو وہ (کے سی آر) بی آر ایس کے 10 سالہ حکمرانی کے مقابلہ میں کانگریس حکومت کی15ماہ کی کارکردگی پر مباحث کے لئے تیار رہیں۔

بی آر ایس کی ریالی سے خطاب کے دوران کے سی آر نے کانگریس حکومت پر تنقید کے ایک دن بعد مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس سربراہ کو یہ چالینج دیا۔ گوڑ نے الزام عائد کیا کہ 2014ء سے دسمبر 2023ء تک ریاست میں علاقائی جماعت کے اقتدار کے درمیان کے سی آر خاندان نے عوامی فنڈس کو لوٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ، کے سی آر جی اور بی آر ایس کو چالیجنگ کررہے ہیں، ہم مباحث کے لئے تیار ہیں، آپ وقت اور مقام کا خود تعین کریں۔ مباحث میں معلوم ہوجائے گا کہ 10 سالہ دور اقتدار کے دوران آپ نے کیا کیا ہے؟ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران کونسے کام انجام دئیے ہیں۔

مہیش کمار گوڑ آج یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست کو بھاری قرض کے دلدل میں پہنچانے کے بعد راؤ، راہ فرار اختیار کرچکے ہیں اور اس کے لئے کانگریس کو مورد الزام ٹھہرارہے ہیں۔ انہوں نے کے چندر شیکھر راؤ کے اس ریمارک پر جس میں بی آر ایس سربراہ نے کانگریس کو تلنگانہ کی ولن نمبرون پارٹی قرار دیا تھا، کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر ٹی پی سی سی نے کہا کہ کانگریس نے ہی علیحدہ تلنگانہ کے وعدہ کو کردکھایا ہے۔

انہوں نے نوٹ کیا کہ کانگریس حکومت نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران 60 ہزار سرکاری نوکریوں پر تقررات کئے۔ انہوں نے کے سی آر پر کلیدی وعدوں کو پورانہ کرنے کا الزام عائد کیا جس میں دلت کو ریاست کا چیف منسٹر بنانے کا وعدہ بھی شامل تھا۔ غریبوں کو ڈبل بیڈروم کے امکنہ فراہم کرنے میں بھی کے سی آر یکسر ناکام رہے۔

دلت خاندان کو فی کس 3 ایکڑ ازرعی اراضی دینے، آدی واسیوں اور مسلمانوں کے ریزرویشن میں اضافہ کرنے، کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے اور ہر گھر کو نل کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ کرنے کے وعدے بھی شامل تھے، جنہیں پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ کروڑ روپے کے مصارف سے کالیشورم پروجیکٹ تعمیر کیا گیا جو بی آر ایس کے دورحکومت میں ہی گرپڑا۔

مہیش کمار گوڑ نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپے کے فصلی قرض کو معاف کیا ہے۔ مزید براں حکومت نے بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔ غریبوں کو 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ضلع ورنگل کے ایلکا تورتی میں اتوار کے روز منعقدہ بی آر ایس کے جلسہ عام کو فلاپ شو قرار دیا۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے