پاکستان میں پیدا لڑکی 19سال سے اے پی کے دھرماورم میں مقیم

پاکستان میں پیدا لڑکی 19سال سے اے پی کے دھرماورم میں مقیم

حیدرآباد: پہلگام میں دہشت گرد حملہ کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے شہریوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلہ میں ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے۔

پولیس نے پتہ لگایا کہ پاکستان میں پیدا ایک لڑکی گذشتہ 19 سال سے آندھرا پردیش کے سری ستیہ سائی ضلع کے دھرماورم شہر میں مقیم ہے۔کرناٹک کے بیلاری کے رہنے والے محبوب پیراں تقسیم ہند کے وقت پاکستان منتقل ہو گئے تھے۔ ان کے یہاں دو بیٹے اور دو بیٹیاں پیدا ہوئیں۔

ان کی چھوٹی بیٹی زینت کی دھرماورم میں ان کے بھائی کے بیٹے رفیق احمد کے ساتھ 1989 میں شادی کی گئی تھی۔ اس جوڑے کے یہاں ایک بیٹا پیدا ہوا۔1998میں زینت دوسری بار حاملہ ہوئی۔ اس دوران پاکستان سے ان کے والد کی صحت خراب ہونے کی اطلاع آئی، جس کے بعد وہ ان کی دیکھ بھال کے لئے پاکستان چلی گئیں۔

واپس آنے کی تیاری کر رہی تھیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کارگل جنگ شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے انہیں وہاں رکنا پڑا۔ اس دوران وہاں انہوں نے رمشا رفیق کو جنم دیا۔ 2005 میں زینت واپس دھرماورم پہنچی۔رمشا رفیق چونکہ پاکستان میں پیدا ہوئی تھیں، انہیں وہاں کی شہریت حاصل ہوئی۔

بعد ازاں دھرماورم میں ا ن کی تعلیم جاری رکھی گئی لیکن انہوں نے ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ اس دوران 2018میں انہوں نے پاکستان کی شہریت دوبارہ حاصل کر لی تھی۔

ان کی پاکستانی شہریت 2028تک برقرار رہے گی۔ 2023میں ہندوستانی شہریت کے لئے درخواست دینے پر اس درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔اب سوال یہ ہے کہ پاکستانی شہریت رکھنے والی رمشا ہندوستان میں رہیں گی یا نہیں؟ کیا حکام انہیں واپس بھیج دیں گے؟ یہ سوال اس وقت دھرماورم شہر میں زیر بحث ہے۔

واضح رہے کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان نے پاکستان کے شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیئے تھے اور انہیں 27اپریل تک ملک چھوڑنے کے احکامات دیئے تھے۔



[]

cexpress

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے