مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز عالم دین سابق ڈائریکٹر ریڈیو اردو تہران حجت الاسلام سید محمد رضوی کافی عرصہ علیل رہنے کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔
یاد رہے حجۃ الاسلام سید محمد رضوی مرحوم نے نجف اشرف میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں مختصر عرصے کے لئے علمی اور سماجی خدمات انجام دیں۔ معاشرتی ترقی اور سماجی بہبود کے لئے انہوں نے جوانوں کو سماجی تنظیم بنانے کا شعور دیا اور ان کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے حالات حاضرہ اور جدید زمانے کے تقاضوں سے آگاہی کے لئے علمی و ثقافتی فعالیت کی اور مجلات کا سلسلہ شروع کیا۔ آپ اسلام آباد میں واقع ایرانی سفارت خانے کے تحت شائع ہونے والے مجلہ وحدت اسلامی کے ایڈیٹر تھے۔
سید محمد رضوی مرحوم کو عربی، فارسی اور اردو زبانوں پر مکمل عبور حاصل تھا۔ انہوں نے ریڈیو تہران کے شعبہ اردو میں ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔ ذرائع ابلاغ کے علاوہ انہوں نے ترجمہ کے شعبے میں اپنی خدمات پیش کیں۔ کئی زبانوں پر عبور ہونے کی وجہ سے اہم ادارے اور لوگ ادبی تصحیح کے لئے ان کی طرف رجوع کرتے تھے۔