مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی اور ان کے جاپانی ہم منصب ہائرویوکی نمزو کی موجودگی میں ایران-جاپان سیاسی مشاورت کا 33 واں اجلاس تہران میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں مغربی اور مشرقی ایشیا کی تازہ ترین صورت حال اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے ایران جاپان مشاورتی ملاقاتوں کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی ترقی اور نئی صلاحیتوں کے لیے قیمتی موقع قرار دیا۔
انہوں نے اقتصادی، تجارتی، سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایران کی تیاری پر زور دیا۔
اس موقع پر ہائرویوکی نمزو
نے تہران اور ٹوکیو کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے امید ظاہر کی دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور براعظم ایشیا میں سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے دونوں ممالک کی فعال سفارتی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے گا۔
تخت روانچی نے غزہ میں جاری نسل کشی اور لبنان، شام اور یمن کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے تمام حکومتوں پر زور دیا کہ وہ صیہونی حکومت کی نسل کشی اور جنگی جرائم اور مغربی خطے میں عدم تحفظ کے پھیلاؤ کو روکیں۔
انہوں نے اپنے جاپانی ہم منصب کو ایران امریکہ بالواسطہ مذاکرات اور غیر قانونی امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران کی کوششوں سے متعلق تازہ ترین پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔