آپریشن سندور کی نئی ویڈیو آئی سامنے، بی ایس ایف کی اسٹرائیک میں پاکستان کی 72 چوکیاں ہوئی تھیں تباہ

27 مئی کو جاری کردہ آپریشن سندور کی ایک نئی ویڈیو میں بارڈر سیکورٹی فورس کی جانب سے پاکستانی علاقہ میں اندر تک دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب حملے دکھائے گئے ہیں۔


بی ایس ایف / فائل تصویر / آئی اے این ایس
پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستانی مسلح افواج نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ جو سخت جواب دیا تھا، اس کی ایک تازہ ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس تازہ ویڈیو نے ’آپریشن سندور‘ کی کامیابی پر ایک بار پھر مہر ثبت کر دیا ہے۔ تازہ ویڈیو بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جاری کی ہے اور کہا ہے کہ بی ایس ایف نے پاکستان کی 72 چوکیاں تباہ کیں۔
آج (27 مئی) جاری کردہ آپریشن سندور کی اس نئی ویڈیو میں بی ایس ایف کی طرف سے پاکستانی علاقہ میں اندر تک دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب حملے دکھائے گئے ہیں۔ پاکستانی رینجرس اس ویڈیو میں اپنی جان بچا کر بھاگتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ساتھ ہی پاکستانی چوکیوں کو تباہی کا منظر بھی دکھائی دے رہا ہے۔
اس ویڈیو کو جاری کرتے ہوئے بی ایس ایف کے جموں فرنٹیر کے ڈائریکٹر جنرل ششانک آنند نے میڈیا سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی ایس ایف نے اکھنور، سانبا اور ٓار ایس پورہ سیکٹرس میں کئی دہشت گردانہ لانچ پیڈ منہدم کر دیے، جن میں لونی، مست پور اور چھبارا بھی شامل ہیں۔ انھوں نے مزید جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 9-10 مئی کو پاکستان نے اکنور سیکٹر میں بغیر اکساوے کے گولی باری کی اور بی ایس ایف چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ جواب میں ہم نے لشکر طیبہ سے جڑے لونی لانچ پیڈ پر حملہ کیا اور کافی نقصان پہنچایا۔ وہ بتاتے ہیں کہ ’’ہم نے کئی دشمن چوکیوں، ٹاوروں اور بنکروں کو تباہ کر کے جواب دیا۔ تقریباً 72 پاکستانی چوکیوں اور 47 اگلی صف کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بی ایس ایف کو جائیداد یا بنیادی ڈھانچے کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔‘‘
ششانک آنند نے ’آپریشن سندور‘ کے ابھی جاری رہنے کا تذکرہ بھی میڈیا کے سامنے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، اس لیے بی ایس ایف کسی بھی مشکل حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد پر 40 سے 50 مشتبہ دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام کر دیا۔ بی ایس ایف نے سیالکوٹ سیکٹر میں پاکستانی گولی باری کی آڑ میں دراندازی کی کوشش کر رہے مشتبہ دہشت گردوں کی ایک بڑی دراندازی کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔