مالدیپ کے وزیر خارجہ ہندوستان کے دورے پر، ایس جے شنکر سے ملاقات سمیت کئی معاملوں پر ہوگی بات

وزیر خارجہ عبداللہ خلیل تین روزہ ہندوستانی دورہ پر ہیں۔ اس دوران وہ ہند-مالدیپ اقتصادی اور سمندری تحفظ پر جائزہ میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ ساتھ ہی دونوں میں دوطرفہ بات چیت بھی ہوگی۔


ایس جئے شنکر/عبداللہ خلیل (فائل)، تصویر ’انسٹا گرام‘
مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ خلیل آج سے ہندوستان کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سے ملاقات کریں گے اور ہند-مالدیپ اقتصادی اور سمندری تحفظ پر جائزہ میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ بات چیت بھی ہوگی۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ کا اس سال یہ تیسرا ہندوستانی دورہ ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے وسیع اقتصادی اور سمندری تحفظ شراکت داری پر ہند۔-مالدیپ ویژن پیپر کو گزشتہ سال اکتوبر میں اپنایا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مالدیپ کے وزیر خارجہ خلیل کا ہندوستان میں گرمجوشی سے استقبال ہے۔
وزارت نے ان کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ کے وزیر خارجہ خلیل کا دورہ ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی بات چیت کے لیے ہے۔ وزارت نے کہا کہ مالدیپ ہندوستان کا اہم سمندری پڑوسی ہے اور ہندوستان کی پڑوس پہلے پالیسی اور وِژن اوقیانوس میں ایک اہم شراکت دار ہے، جس کا مقصد سبھی علاقوں میں مجموعی ترقی ہے۔
دراصل چین حامی محمد معیزو کے 2023 میں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان رشتوں میں کافی کڑواہٹ آ گئی تھی۔ صدر عہدے کا حلف لینے کے بعد محض کچھ ہی گھنٹوں کے اندر انہوں نے مالدیپ سے ہندوستانی فوجی اہلکاروں کو واپس بلانے کی دہلی سے مانگ کی تھی۔ جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ حالانکہ گزشتہ سال 2024 کے اکتوبر میں محمد معیزو ہندوستان آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے ہندوستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا عزم لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔