دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ اگر پاکستان نے مستقبل میں کوئی مہم جوئی کی، تو ہماری مسلح افواج اس دہشت گرد ریاست کو تباہ کر دیں گی۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو جموں میں کل جموں و کشمیر جاٹ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے سرگرم دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے ہمدردوں اور حامیوں کو بھی سخت ترین سزا دینے کا انتباہ دیا۔
منوج سنہا نے کہا، ’ اگر پاکستان نے مستقبل میں کوئی مہم جوئی کی، تو ہماری مسلح افواج اس دہشت گرد ریاست کو تباہ کر دیں گی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی اور تفرقہ انگیزی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔
انہوں نے جاٹ کمیونٹی کی قربانیوں، حب الوطنی، اور سرحدی علاقوں میں ان کے وجود کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کی پہلی دفاعی لائن ہیں۔ مشکل حالات میں قومی اتحاد و یکجہتی کو قائم رکھنا آپ سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ آپ کا جذبۂ حب الوطنی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے حالیہ پہلگام دہشت گرد حملے اور پاکستانی شیلنگ کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ان خاندانوں کی مکمل بازآبادکاری کے لیے پرعزم ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے حالیہ ’آپریشن سندور‘ کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ معاشرے کو تقسیم کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’ہمیں اپنے تنوع کو فخر کے ساتھ اپنانا ہے اور قومی اتحاد کے ذریعہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہے۔‘
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں جموں و کشمیر میں ’مساوات اور بااختیاری کے نئے دور‘ کا آغاز ہونے پر اظہار تشکر کیا اور جاٹ برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی وابستگی دہراتے ہوئے کہا کہ ہر طبقے کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔