کیرالہ کے بعد مہاراشٹر میں بھی وقت سے قبل آیا مانسون، کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا الرٹ

محکمہ موسمیات نے اتوار کو کونکن اور مغربی مہاراشٹر کے کچھ حصوں کے لیے اگلے کچھ دنوں تک موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران گرج کے ساتھ بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔


بارش کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس
کیرالہ کے بعد جنوب مغرب مانسون نے مہاراشٹر میں بھی وقت سے قبل دستک دے دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک افسر سبھانگی نے بتایا کہ اگلے 2 سے 3 دنوں میں مانسون ممبئی تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے اثر سے ریاست کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اس وقت مانسون کی شمالی حد مہاراشٹر کے دیو گڑھ تک پہنچ چکی ہے، جو کہ معمول سے چند دن قبل کی صورتحال ہے۔ ماہرین موسمیات کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں ریاست کے دیگر حصوں میں بھی اچھی بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ وقت سے قبل مانسون کے آنے سے کسانوں کو راحت ملنے کی امید ہے، وہیں میونسپل اور انتظامی اکائیوں کے لیے بارش سے نمٹنے کی تیاری کا چیلنج بھی بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کو کونکن اور مغربی مہاراشٹر کے کچھ حصوں کے لیے اگلے کچھ دنوں تک موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اس دوران گرج کے ساتھ بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی مہاراشٹر میں مانسون داخل ہو چکا ہے، جبکہ ممبئی اور کونکن میں فی الحال پری مانسون بارش ہو رہی ہے۔
اتوار (25 مئی) کے دوپہر کو جاری کردہ الرٹ کے مطابق آئی ایم ڈی نے رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ اضلاع کے ساتھ ساتھ ساتارا، پونے اور کولہاپور اضلاع کے گھاٹ (پہاڑی) علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ رائے گڑھ ضلع کے لیے اورنج الرٹ 25 اور 26 مئی تک رہنے کی امید ہے۔ رتناگیری، سندھو درگ اور گھاٹ علاقوں (ساتارا، پونے، کولہاپور) کے لیے 5 دنوں تک یہ الرٹ موثر رہے گا۔ ساتھ ہی آئی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں میں 60-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں، گرج کے ساتھ بارش اور بجلی گرنے کی امید ہے۔
آئی ایم ڈی نے ممبئی، تھانے، پالگھر اور مہاراشٹر کے کئی اضلاع کے لیے یلو الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ ان اضلاع میں بھی شدید بارش اور تیز ہواؤں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بی ایم سی (برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن) کے ایک افسر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صبح 8 بجے تک ممبئی میں 37 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی تنبیہ کے پیش نظر مقامی انتظامیہ اور لوگوں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کیرالہ میں مانسون نے دستک دے دی ہے۔ یہ ہندوستان کی سرزمین پر گزشتہ 16 سالوں میں مانسون کی سب سے جلد آمد ہے۔ اس بار مقررہ وقت سے 8 روز قبل ہی مانسون کیرالہ پہنچ گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ریاست میں پچھلی بار مانسون اتنی جلدی 2009 اور 2001 میں 23 مئی کو آیا تھا۔ کیرالہ میں مانسون کے آمد کی عام تاریخ یکم جون ہے۔ حالانکہ 1918 میں کیرالہ میں 11 مئی کو ہی مانسون نے دستک دے دی تھی جو ایک ریکارڈ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔