دہلی میں موسلادھار بارش سے سڑکیں تالاب میں تبدیل، عآپ کا طنز- ’چار انجن والی سرکار کا کمال!‘

دہلی میں رات بھر ہوئی تیز بارش سے کئی علاقوں میں آبی جماؤ اور ٹریفک جام کا سامنا رہا۔ جس پر طنز کرتے ہوئے عآپ نے کہا کہ یہ مرکز، ریاست، ایم سی ڈی اور ایل جی پر مشتمل ’چار انجن والی سرکار‘ کا کمال ہے!


دہلی میںبارش کے بعد سڑک پر بھرا پانی / آئیاے این ایس
راجدھانی دہلی میں ہفتہ (24 مئی) کو پوری رات بارش اور آندھی کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اور کئی علاقوں میں آبی جماؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ عام آدمی پارٹی نے آبی جماؤ کے متعلق بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی اور اسے ’4 انجن والی‘ حکومت کی ناکامی قرار دیا۔
عام آدمی پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر متعدد پوسٹوں کے ذریعہ راجدھانی دہلی کے کئی آبی جماؤ والے علاقوں جیسے دھولا کنواں، دہلی کینٹونمنٹ اور آئی ٹی او کی کئی تصاویر شیئر کیں۔ پوسٹ میں عآپ نے کہا کہ ’’دہلی میں تھوڑی دی بارش ہوتی ہے اور سڑکیں لبالب بھر جاتی ہیں۔ یہ سڑکیں بی جے پی کی 4 کھٹارا انجن والی سرکار کی کہانی بتا رہی ہے۔‘‘
عام آدمی پارٹی کے مطابق دہلی میں ایسا کوئی علاقہ نہیں ہے جہاں پانی نہ جمع ہوا ہو، جو بی جے پی کی 4 انجن والی حکومت کی ناکامی کی کہانی بیان کر رہی ہے۔ منٹو برِج کا ویڈیو پوسٹ کر عآپ نے کہا کہ ’’منٹو بِرج کے نیچے ذار سی بارش میں ایسا آبی جماؤ ہو گیا، جس میں کار ہی ڈوب گئی۔ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور وزیر پرویش ورما یہاں فوٹو شوٹ کروا کر گئے تھے۔ لیکن انہوں نے یہاں صرف فوٹو شوٹ کرایا، کوئی کام نہیں کیا۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آبی جماؤ میں کار ڈوب گئی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ رات دہلی میں شدید بارش کے ساتھ آندھی و وطوفان کی وجہ سے کافی تباہی ہوئی ہے۔ درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ یہی نہیں کئی علاقوں میں آبی جماؤ کی وجہ سے لوگوں کو آمد و رفت میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے ’پرائمری ویدر اسٹیشن‘ نے رات 11.30 بجے سے صبح 5.30 بجے کے درمیان 6 گھنٹوں میں 82 کلومیٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں اور 81.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔