کیف پر روسی میزائل اور ڈرون حملے میں پندرہ افراد زخمی

کیف کے دس میں سے چھ اضلاع میں رہائشی اور غیر رہائشی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور پولیس نے بتایا کہ تباہ شدہ مقامات میں ایک شاپنگ مال، کئی اپارٹمنٹس اور ایک تعلیمی ادارہ شامل ہے۔


فائل تصویر آئی اے این ایس
روسی افواج نے ہفتہ کی علی الصبح یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون سے حملہ کیا جس میں کم از کم 15 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ اطلاع کیف شہر کی فوجی انتظامیہ نے ایک بیان میں دی ہے۔
بیان کے مطابق یہ حملہ تنازع کے آغاز کے بعد کیف پر کیے جانے والے سب سے بڑے فضائی حملوں میں سے ایک تھا، جس سے کیف کے 10 میں سے چھ اضلاع میں رہائشی اور غیر رہائشی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ کیف پولیس نے بتایا کہ تباہ شدہ مقامات میں ایک شاپنگ مال، کئی اپارٹمنٹس اور ایک تعلیمی ادارہ شامل ہے۔
یوکرین کی فضائیہ نے کہا کہ روس نے یوکرین پررات بھر حملہ کیا، جس میں 14 اسکینڈر-ایم/کے این-23 بیلسٹک میزائلوں اور 250 ڈرونز کا استعمال کیا اورکیف ان کا بنیادی ہدف تھا۔ یوکرینی فضائی دفاع نے چھ میزائلوں اور 245 ڈرونز کو روکا۔
اوڈیسا کے علاقائی گورنر اولیہ کیپر کے مطابق، یہ حملہ جمعہ کو یوکرین کے جنوبی شہر اوڈیسا میں بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے پرروس کے ذریعہ دو بیلسٹک میزائلوں سے کئے گئے حملے کے بعد ہوا ہے، جس میں تین لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ جب کہ چھ دیگر زخمی ہوئے تھے۔
حملے کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک سے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔زیلنسکی نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر کیا، ’’صرف روسی معیشت کے اہم شعبوں کو نشانہ بنانے والی اضافی پابندیوں سے ہی ماسکو جنگ بندی کرنے کے لئے مجبور ہوگا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔